ایک پاکستانی انگلش اخبار کو انٹرویو میں ثانیہ مرزا نے فلم کی تو تصدیق کی پر کہا کہ انہیں اداکاری نہیں آتی، وہ شرمیلی ہیں، کیمرے کا سامنا نہیں کرسکتیں، اداکاری کوئی آسان کام تھوڑی ہے۔
مگر انہوں نے یہ بھی نہیں کہا کہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ وہ اس فلم میں ایکٹنگ کریں۔ یعنی بھابھی سسپنس برقرار رکھنا چاہ رہی ہیں۔ رہی بات ان کے شوہر کی تو ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں معلوم کہ شعیب ملک ایکٹنگ کرسکتے ہیں یا نہیں۔ اب اس کا مطلب تو یہی نکالا جا رہا ہے کہ فلم بھی دونوں کی زندگی پر اور اس کے کردار بھی اوریجنل۔ ویسے آئیڈیا کمال کا ہے۔
جب دونوں میاں بیوی فلم میں یک دوجے سے لڑائی کے سینز شُوٹ کرائیں گے تو ایکٹنگ کرنے کی ضرورت ہی نہیں ہوگی۔ سب کچھ نیچرل ہوگا نیچرل۔ ثانیہ مرزا نے خود کہا کہ عام طور پر تو ان کے اور شعیب ملک کے درمیان اختلاف نہیں ہوتا۔
مگر بعض اوقات شدید اختلافات بھی ہو جاتے ہیں خوب لڑائی ہوتی ہے لیکن پھر دونوں بہت جلد صلح کر لیتے ہیں۔ ویسے اگر اس فلم میں دونوں سٹارز کی ایک لڑائی بھی دکھا دی جائے تو مصالحہ پورا ہے جناب۔ کیا خیال ہے آپ کا۔
خیر لگے ہاتھوں ثانیہ مرزا نے بہترین ازدواجی زندگی کا راز بھی بتا دیا ہے۔ کہتی ہیں کہ ان دونوں کی حس مزاح بہت اچھی ہے۔ ثانیہ مرزا یہ بھی بولیں کہ شعیب ملک ہمیشہ ان کے فیصلوں کی حمایت کرتے ہیں۔
ویسے آپس کی بات ہے شعیب ملک کی کامیابی کا راز بھی یہی لگتا ہے۔ کیونکہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے۔ اور اس کیس میں تو کامیاب مرد کے پیچھے کامیاب عورت کا ہاتھ ہے جناب۔
ویسے اس انٹرویو میں ثانیہ مرزا نے یہ بھی بتایا کہ ان کی اور شعیب ملک کی زندگی پر فلم بنانے سے متعلق کام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔ امید ہے کہ جلد تمام معاملات طے پا جائیں گے۔
فلم بنانے کے لیے کچھ لوگوں نے ان سے رابطہ کیا ہے اور مذاکرات جاری ہیں۔ ابھی تک ان مذاکرات کا کوئی حل تو نہیں نکلا مگر یہ طے ہو چکا ہے کہ یہ لم بنے گی ضرور مگر کب ؟ ابھی اس کے متعلق کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔ لیکن نیا دور لائف اسٹائل کے سورسز کا یہی کہنا ہے کہ دونوں اسٹارز اس فلم کا اعلان اس سال کے اختتام تک کردیں گے اور اس کے متعلق اور بہت ساری چیزیں بھی بتائیں گے۔ اور پھر اگلے سال اس فلم کی شوٹنگ شروع ہوجائے گی۔
یہ وہ وقت ہوگا جب ثانیہ مرزا ٹینس سے ریٹائرمنٹ لے چکی ہوں گی۔ اور تو اور یہ بھی خبریں ہیں کہ اس سال ہونے والا ٹی 20 ورلڈ کپ شعیب ملک کا آخری انٹرنیشنل ٹورنامنٹ ہوگا۔ وہ اس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو بائے بائے کہہ دیں گے۔
خیال رہے کہ ثانیہ مرزا نے 2019 میں کہا تھا کہ ان کی زندگی پر بالی وڈ فلم بنائی جا رہی ہے۔ پھر اگلے ہی سال یعنی 2020 میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی پر بنائی جانے والی اس فلم کو دیکھنے کو بے تاب ہیں۔ مگر 2021 آگیا۔ آخر اس پروجیکٹ کا کیا ہوا؟ نہ کوئی فلم آئی اور نہ ہی ویب سیریز۔ لگتا ہے بات نہیں بنی یا پھر دونوں کا پلان چینج ہوگیا۔
کیونکہ اب ٹینس اسٹار نے جس فلم کے متعلق بات کی ہے وہ صرف ان کی زندگی پر نہیں بلکہ دونوں میاں بیوی کی زندگی پر بنے گی۔ دونوں میں فرق تو ہے۔ خیر شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی پہلی ملاقات 2003 میں ہوئی تھی۔ 2009 تک دونوں کی دوستی ہوگئی تھی اور پھر 2010 میں شادی ہوئی ۔ اور اب دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔
دونوں سٹارز بہت جلد ’اردو فلکس‘ پر ٹاک شو بھی کریں گے۔ ویسے دونوں مل کر پرفیوم اور میک اپ پروڈکٹس بھی لانچ کرچکے ہیں۔