یہ بات انہوں نے سماء ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان میں معاشی عدم استحکام کے بعد اب سیاسی بحران بھی پیدا ہونے والا ہے۔
اس سوال پر کہ کیا دیگر جماعتوں سے آپ کو پارٹیوں میں شامل ہونے کی آفر ہے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دکان میں سودا موجود ہو تو کوئی نہ کوئی خریدنے آتا ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو باہر سے نہیں بلکہ اندر سے خطرہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے اردگرد موجود ٹولہ مفاد پرست اور ناتجربہ کار ہے۔ کچھ افراد نے ذاتی مفاد کی خابر جماعت کے مفادات کو بھینٹ چڑھا دیا۔
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اور حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی باتوں پر ان کا کہنا تھا کہ یہ اپوزیشن کی پھرتیاں ہیں جو صرف میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کیلئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزرا کو دیئے گئے پرفارمنس ایوارڈز کی تقسیم کو انہوں نے قبل از وقت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی ٹرافیاں اور میڈلز تو میچ کے اختتام پر دیئے جاتے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ مرکز اور پنجاب میں سازشیں کرنے والا گروہ ایک ہی تھا۔ میں نے کوشش کی کہ بدترین صورتحال میں بھی بہترین پرفارم کروں لیکن شاید قیادت کو اس سے بہتر کی تلاش تھی۔ میرے سینے میں بہت راز ہیں وزیراعظم کی مشکلات نہیں بڑھانا چاہتی۔