سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سے دستبردار 

ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ 9کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے رائلی روسو کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ سعود شکیل نائب کپتان ہوں گے۔

01:51 PM, 14 Feb, 2024

ذیشان نواز

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل)  فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی چھوڑ دی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ 9کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے رائلی روسو کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ سعود شکیل نائب کپتان ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق سرفراز احمد نے ہیڈ کوچ شین واٹس کی تجویز پر کپتانی سے دستبردار ہوئے ہیں۔ سرفراز احمد نے 8 سال تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کے فرائض سر انجام دیے۔

پہلے سیزن سے اب تک سرفراز احمد ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کررہے تھے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز گزشتہ 4 سیزن میں پلے آف مرحلے تک نہیں پہنچ سکی تھی۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم 2019 میں پی ایس ایل ٹرافی جیتی تھی۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے نئے سیزن کی ٹرافی کی رونمائی کی۔ ٹرافی کی تقریب رونمائی لاہور کے پولو گراؤنڈ میں منفرد انداز میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز، کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم بھی شریک تھے۔ ٹرافی کو ’دی اورین ٹرافی‘ کا نام دیا گیا ہے۔

  پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا آغاز 17 فروری کو لاہور سے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ سے ہو گا جبکہ ایونٹ کا فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے اور ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں ہوگا۔

34 میچوں پر مشتمل اس ٹی20 ٹورنامنٹ میں کراچی سب سے زیادہ 11میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔

لاہور کا قذافی سٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ سٹیڈیم 9، 9 میچز کی میزبانی کریں گے جبکہ ملتان میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔

مزیدخبریں