این اے 130سے نوازشریف کی کامیابی کیخلاف درخواست خارج، تحریری فیصلہ جاری

این اے 130سےمسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کامیاب ہوئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار یاسمین راشد دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔

03:40 PM, 14 Feb, 2024

نیا دور

لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 130سے نوازشریف  کی کامیابی کیخلاف درخواست پر تحریری فیصلہ جاری  کر دیا گیا۔

عام انتخابات میں این اے 130 سے سابق وزیراعظم نوازشریف کی کامیابی کے خلاف دائر درخواست پر لاہورہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ جسٹس علی باقر نجفی نے آزاد امیدوار اشتیاق چوہدری کی درخواست پر  گزشتہ روز سماعت کی تھی جس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کی جاتی ہے. درخواست گزار الیکشن کمیشن سے رجوع کرے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نوازشریف کو مبینہ طور پر دھاندلی کے ساتھ کامیاب کروایا گیا۔ اس حلقے میں میں بھی امیدوار تھا۔ 14 امیدواروں کو صفر ووٹ ملے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ریٹرننگ افسر کو درخواست دی۔ جس پر درخواست گزار نے کہا کہ عدالت میری اس پٹیشن کو ہی درخواست تصور کرلے۔

عدالت نے درخواست گزار کو ریٹرنگ افسر کو درخواست دینے کی ہدایت کرتے ہوئے آج ہی درخواست پر فیصلہ کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

یاد رہے کہ اس حلقے سے مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کامیاب ہوئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار یاسمین راشد دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نےلاہورکی 5قومی اسمبلی کی نشستوں پرکامیابی کانوٹی فکیشن جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن نے نواز شریف،شہبازشریف ،مریم نواز،حمزہ شہبازاورعطاتارڑکی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ این اے 130 سے نوازشریف،حمزہ شہباز این اے 118،این اے 119سے مریم نوازکی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق عطااللہ تارڑکااین اے127سے کامیاب قرارپائے،شہباز شریف کو این اے130سےکامیاب قراردیاگیاہے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے کراچی کی قومی اسمبلی کی 22 نشستوں میں سے 21 نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

کراچی کی قومی اسمبلی کی 21 نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تاہم این اے 238 کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ایم کیوایم کے 14 اور پیپلز پارٹی کے 7 امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے این اے 229 ملیر ون سے پیپلز پارٹی کے جام عبدالکریم بجار، این اے 230 ملیر ٹو سے پیپلز پارٹی کے سید رفیع اللہ اور این اے 231 ملیر تھری سے پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

این اے 232 کورنگی کراچی ون سے ایم کیو ایم کی آسیہ اسحاق، این اے 23 کورنگی کراچی ٹو سے ایم کیو ایم کے محمد جاوید حنیف، این اے 234 کورنگی کراچی تھری سے ایم کیو ایم کے محمد معین عامر پیرزادہ اور این اے 235 کراچی شرقی ون سے ایم کیو ایم کے محمد اقبال خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے این اے 236 کراچی شرقی ٹو سے ایم کیو ایم کے حسان صابر جبکہ این اے 237 کراچی شرقی تھری سے پیپلز پارٹی کے اسد اسلم نیازی اور این اے 239 کراچی ساؤتھ ون سے پیپلز پارٹی کے نبیل گبول کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

علاوہ ازیں این اے 240 کراچی ساؤتھ ٹو سے ایم کیو ایم کے ارشد وہرا، این اے 241 کراچی ساؤتھ تھری سے پیپلز پارٹی کے مرزا اختیار بیگ، این اے 242 کراچی کیماڑی ون سے ایم کیو ایم کے سید مصطفیٰ کمال، این اے 243 کراچی کیماڑی ٹو سے پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل جبکہ این اے 244 کراچی غربی ون سے ایم کیو ایم کے فاروق ستار اور این اے 245 کراچی غربی ٹو سے ایم کیو ایم کے سید حفیظ الدین کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کراچی غربی تھری سے ایم کیو ایم کے سید امین الحق، این اے 247 کراچی سینٹرل ون سے ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار الحسن، این اے 248 کراچی سینٹرل ٹو سے ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، این اے 249 کراچی سینٹرل تھری سے ایم کیو ایم کے احمد سلیم صدیقی اور این اے 250 کراچی سینٹرل فور سے ایم کیو ایم کے فرحان چشتی کی کامیابی کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

مزیدخبریں