چوہدری شوگر ملز کیس: وفاقی کابینہ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی

09:19 AM, 14 Jan, 2020

نیا دور
وفاقی کابینہ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی  مجموعی صورتحال سمیت خطے کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پاکستانی مؤقف پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا۔ اس کے علاوہ مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کا معاملہ بھی کابینہ میٹنگ میں زیر غور آیا۔



ذرائع نے بتایا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ای سی ایل نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی جس کی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔

واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کے بعد مریم نواز نے چوہدری شوگر ملز کیس میں ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے اور نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست 15 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر بھی کرچکی ہے۔

مزیدخبریں