نیا دور نیوز ڈیسک:۔
کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج کی جانب سے پنجاب میں نوجوانوں کی آن لائن بھرتی مہم کا انکشاف ہوا ہے۔
صوبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا، اور اس حوالے سے کالعدم تنظیم کی آن لائن بھرتیوں کی تفصیل وزیر اعلیٰ کو بھجوا دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دہشت گرد تنظیم نے گجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، بہاولپور، جہلم اور سرگودھا سے بھرتیاں کی ہیں، جس کا مقصد صوبے میں مقامی سہولت کاری حاصل کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سائبر پٹرولنگ اور انٹیلی جنس انفارمیشن پر آن لائن بھرتی مہم نیٹ ورک بریک کیا گیا ہے اور فتنۃ الخوارج کی سہولت کاری کے لیے بھرتی ہونے والے6 افراد گرفتار کرلیے گئے ہیں، جن کی عمریں 16 سے 23 سال تک ہیں۔
اس رپورٹ کے بعد پنجاب نوجوانوں کو مزید فہم و فراست سے کام لینا ہو گا۔ بے شک پاکستان میں حالیہ برس میں بے روز گاری اور مہنگائی جیسی مصیبتیں بڑھیں ہیں مگر نوجوانوں کو روز گار کیلئے ملک دشمن عناصر کا آلا کار بننے سے روکنا ہو گا۔ حکومت کو چاہئے ملک کے نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع پیدا کرے اور بے روز گار نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرض دیئے جائیں تا کہ ایسی صورتحال کا ملک دشمن عناصر فائدہ نہ اٹھا سکیں۔