خوشخبری: پاکستان میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت

01:34 PM, 14 Jul, 2020

نیا دور
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، نئی دریافت سے 16.12 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پیداوار اور 3240 بیرل یومیہ کنڈنسیٹ تیل حاصل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں تیل و گیس کی تلاش میں بڑی کامیابی مل گئی، ایم او ایل کمپنی نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے ذخائر دریافت کر لیے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نئی دریافت سے 16.12 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پیداوار ہوگی جبکہ 3240 بیرل یومیہ کنڈنسیٹ تیل بھی حاصل ہوگا، کمپنی کی جانب سے مزید ٹیسٹنگ جاری ہے۔

یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں او جی ڈی سی ایل کا کہنا تھا کہ تھل ایسٹ ویل نمبر1 اور بھمبرا کنواں نمبر1 سے دریافت گیس کی کمرشل پیداوار کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس سے ملک میں گیس پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

اوجی ڈی سی ایل کے مطابق دونوں دریافتوں سے ملکی زرمبادلہ میں خاطر خواہ بچت ہوگی، یہ دریافت صارفین اور صنعت کی بڑھتی طلب کو بھی پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

خیال رہے دسمبر 2019 میں پاکستان پیٹرولیم نے سندھ اور بلوچستان میں تیل اور گیس کی بڑی دریافت کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو نئی دریافت سے آگاہ کر دیا تھا، پی پی ایل کا کہنا تھا کہ خیرپور سندھ میں 2 کروڑ 86 لاکھ کیوبک فٹ گیس دریافت ہوئی اور کنویں سے یومیہ 152 بیرل تیل بھی حاصل ہوگا۔
مزیدخبریں