وزیراعلیٰ کا مزار بی بی پاکدامن توسیعی منصوبے کو محرم سے قبل مکمل کرنے کا حکم

01:33 PM, 14 Jul, 2023

حسن نقوی
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے کو محرم الحرام سے قبل مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے مزار بی بی پاکدامن کادورہ کیا اور دربار کو کشادہ کرنے کیلئے تعمیراتی سرگرمیوں اور دربار کی تزئین و آرائش اور توسیع پر پیش رفت کا جائزہ لیا. وزیراعلیٰ نے تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے 5 روز کے اندر کام کو مکمل کرنے کا ٹاسک دیدیا۔

سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے مزار بی بی پاکدامن کے توسیعی منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،معروف آرکیٹیکٹ نیر علی دادا،سیکرٹریزتعمیرات و مواصلات،سی سی پی او لاہور،کمشنر لاہورڈویژن،ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ مزار بی بی پاکدامن کی تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبہ یکم محرم سے قبل مکمل ہوجائے گا۔ مزار کی توسیع سے زائرین کیلئے اضافی سہولتیں میسر ہوں گی۔ مزار پر آنے والا راستہ کشادہ ہونے سے بھی زائرین کو آسانی ہوگی۔ اراضی مالکان کو پورا معاوضہ دیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کمشنر لاہور ڈویژن کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق اراضی مالکان کو معاوضے کی ادائیگیوں کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے مزار پر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہے کہ بی بی پاکدامن کے مزار کو یکم محرم تک زائرین کیلئے کھول دیا جائے۔ مزار کی تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے پر دن ر ات کام ہو رہا ہے۔ 200 سے زائد ورکرز کام کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبائی وزراء اورکمشنر لاہورڈویژن نے گنڈا سنگھ والا کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ دیہات میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں کمی ہوئی ہے اوردریا کے بیڈ میں 21 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ ان دیہات میں لوگوں کا انخلاء کیا گیا ہے اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
مزیدخبریں