اے آر وائے نیوز کی خبر کے مطابق پاکستان میں کورونا ویکسین ضائع ہونے سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا ویکیسن کی 4191 ڈوز ضائع ہوچکی ہیں ،ویکسین کی سب سے زیادہ 1581 ڈوز سندھ میں ضائع ہوئی ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں کم ترین 95 ڈوز ضائع ہوئی۔
پنجاب میں کورونا ویکسین کی ایک ہزار 059، کے پی 801 ڈ وز، بلوچستان میں 404 خوراکیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت میں کورونا ویکسین کی 137 ڈوز اور آزادکشمیر میں کورونا ویکسین کی 114 ڈوز ضائع ہوئیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ضائع شدہ ویکسین کی بڑی مقدار کا مبینہ طور غیر قانونی استعمال ہوا ہے، ضائع شدہ کورونا ویکسین کی کافی خوراکیں مبینہ طور فروخت کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب میں کرونا ویکسین کی بڑی تعداد غائب ہونے کا انکشاف کیا گیا تھا جس کی تصدیق خود وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کی تھی۔