نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے سینیئر صحافی جاوید فاروقی نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے نہیں ہو رہے تو کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن کا جتنا سیاسی نقصان ہوا ہے اس کے تناظر میں وہ نہیں چاہتی کہ الیکشن اسی سال کروائے جائیں، اسے ایک سال کا دورانیہ چاہئیے۔ لگ رہا ہے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے جیسے مشکل فیصلے شاید نگران ٹیکنوکریٹ حکومت سے کروائے جائیں گے اور مسلم لیگ ن کو ایک سال دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی ساکھ کچھ نہ کچھ حد تک بحال کرنے کے بعد الیکشن میں جائے۔
اینکر پرسن نادیہ نقی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بہت بڑھ چکی ہے مگر پارلیمنٹ میں تقریریں کرنے والے سیاست دان اور دیگر مقتدر لوگ اسے سنجیدہ نہیں لے رہے۔ موجودہ حکومت کی کنپٹی پہ بندوق رکھ کے انہیں حکومت میں نہیں لایا گیا تھا۔ اگر یہ عدم اعتماد کی تحریک کے فوراً بعد الیکشن کروا دیتے تو شاید حالات آج کچھ حد تک اچھے ہوتے۔ خراب معیشت کی ساری ذمہ داری صرف سیاسی عدم استحکام پر نہیں ڈالی جا سکتی، سوال یہ ہے کہ پچھلے سال میں حکومت نے خود کیا کیا ہے۔
میزبان رضا رومی نے بتایا کہ معید پیرزادہ اور صابر شاکر کے خلاف بھی 9 مئی کے واقعات کے لئے اشتعال دلانے کے جرم میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پروگرام 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔