پشتو گلوکارہ صوفیہ کیف کی خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ ہاؤس میں بنی ہوئی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ گلوکارہ کی ٹک ٹاک ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا اور انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اس حوالے سے اداکارہ صوفیہ کیف نے کہا ہے کہ ایک تقریب میں شرکت کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس گئی تھی اور میں نے ویڈیو سی ایم ہاؤس میں نہیں بلکہ جرگہ ہال میں بنائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں جرگہ ہال کے ساتھ بنے لیڈیز چینجنگ روم جا رہی تھی تو اس دوران ویڈیو بنائی۔ صوفیہ کیف کا کہنا تھا کہ اس بات کو کیوں اچھالا جا رہا ہے؟ اس معاملے پر میرا کیریئر خراب نہ کیا جائے۔
خیال رہے کہ 23 اکتوبر 2019 کو ٹک ٹاک گرل حریم شاہ کی دفتر خارجہ میں بنائی گئی ایک ویڈیو بولی وڈ گانے کے بیک گراؤنڈ کے ساتھ وائرل ہوئی تھی جس پر سوالات اٹھے تھے کہ انہیں دفتر خارجہ جیسے اہم سرکاری دفتر میں داخل ہونے اور ویڈیو بنانے کی اجازت کس نے دی؟ ویڈیو میں حریم شاہ وزیر خارجہ کی اجلاس کی صدارت کرنے والی کرسی پر بھی بیٹھیں تھیں اور انہوں نے کانفرنس روم بھی دکھائے تھے جہاں وزیر خارجہ کی اہم ملاقاتیں ہوتی ہیں۔