سیاسی کھیل کا سیمی فائنل، آج حکومت، اتحادیوں اور اپوزیشن کے الگ الگ اجلاس، اہم فیصلے متوقع

07:06 AM, 14 Mar, 2022

نیا دور
حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد ملکی سیاسی ہلچل عروج پر آچکی ہے اور روز بدلتی صورتحال کے بعد سیاسی کھیل کا سیمی فائنل شروع ہوچکا، آج بھی حکومت، اتحادیوں اور اپوزیشن کے الگ الگ اجلاس طلب کر لئے گئے جن میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت اور اس کے اتحادیوں نے بھی میٹنگز، رابطوں اور اجلاسوں کا سلسلہ تیز کردیا، تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی شخصیات ق لیگ، ایم کیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی سے دوبارہ رابطے کریں گی، پرویز الٰہی کی وزیر اعظم سے ملاقات کروانے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ آج حکومتی شخصیات دوبارہ مسلم لیگ ق سے رابطہ کریں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر حکمت عملی طے کی جائے گی۔

دوسری جانب جہانگیر ترین گروپ نے آج اہم مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس جہانگیرترین کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں 3 بجے ہوگا۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما، قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف آج متحدہ اپوزیشن کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی جانب سے متحدہ اپوزیشن کے اعزاز میں دیئے جانے والا عشائیہ منسڑرز انکلیو میں منعقد کیا جائے گا، ڈنر سے قبل متحدہ اپوزیشن کے درمیان اہم مشاورتی اجلاس بھی ہو گا۔

ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس بھی آج ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت ہوگی ، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے پر بھی غورو فکر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔
مزیدخبریں