توشہ خانہ کیس: عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست پر فوری سماعت کی استدعا مسترد

01:54 PM, 14 Mar, 2023

نیا دور
اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست پر آج سماعت کی استدعا مسترد کردی۔

عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ عمران خان کی گرفتاری کےلئے زمان پارک پہنچی تھی۔ ادھر صورتحال کے پیش نظر عمران خان کی لیگل ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچی اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں وارنٹ منسوخ کرنے اور آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی تھی تاہم رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست پر اعتراض عائد کر دیا۔ رجسٹرار آفس نے عمران خان کا بائیومیٹرک نہ کرائے جانے کا اعتراض عائد کیا تھا۔

ہائیکورٹ نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست پر آج سماعت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست کل سماعت کیلئے مقرر کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کل سماعت کریں گے۔

دوسری جانب ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری کر دیا۔افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی نگرانی کی ہدایت کر دی۔شہر کے داخلی اورخارجی راستوں پر سنیپ چیکنگ کی جارہی ہے۔

ترجمان پولیس  نے مزید کہا کہ راولپنڈی پولیس کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ اینٹی رائٹ فورس کے دستے الرٹ ہیں۔ احتجاج کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ مقام پر پہنچایا جائے گا۔ قانون کی خلاف ورزی یا امن وامان میں خلل پر قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے جسے یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ عمران خان کی گرفتاری کےلئے زمان پارک میں موجود ہے۔

پولیس ٹیم کی عمران خان کی رہائش گاہ کی جانب پیش قدمی کی تو  پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکنان کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس ٹیم اور پی ٹی آئی کارکنان آمنے سامنے آگئے۔کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن  کا استعمال شروع کردیا۔ بھرپور مزاحمت کے باوجود پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ کے دروازے کا کنٹرول سنبھال لیا۔

سی سی پی او لاہور کے مطابق پولیس کے پاس کوئی ہتھیار نہیں ہے ۔ پولیس زمان پارک کے گیٹ تک پہنچ گئی ہے۔ پولیس واٹر کینن کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار کی آنکھ میں پتھر لگا ہے ۔

پو لیس نے زمان پارک میں دو اطراف سے پیش قدمی شروع کی تھی جو اب تک جاری ہے ۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ شہرکے تمام تھانوں میں نفریاں اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ اینٹی رائٹ یونٹ کو آنسو گیس کے شیل بھی فراہم کردیےگئے ہیں، ایک ہزار سے زائد نفری کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری  کی سربراہی میں پولیس ٹیم عمران خان کی گرفتاری کے لیےزمان پارک  پہنچی۔ پولیس کی بکتربندگاڑی بھی زمان پارک پہنچا دی گئی ہے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد نے حسان نیازی کو عدالتی احکامات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ عدالت نےعمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز  کا میڈیا سے گفتگو میں کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کو گرفتارکرنے آئے ہیں۔ ہم قانون پر عملدرآمد کے لیے آئے ہیں۔امید کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ تعاون کیا جائیگا۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔قانون کو کوئی بھی ہاتھ میں لے گا تو کارروائی ہوگی۔ہم وارنٹ کی تعمیل کروانے اور عمران خان کو گرفتار کرنے آئے ہیں۔
مزیدخبریں