امریکہ نےپاکستان کےخلاف کسی قسم کی ویزا پابندی عائد نہیں کی: وزیر خارجہ

03:48 PM, 14 May, 2019

نیا دور





اسلام  آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کے خلاف کسی قسم کی ویزا پابندی عائد نہیں کی۔ وہ آج اسلام آباد میں احسان اللہ ٹوانہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کوبریفنگ دے رہے تھے۔


  وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ غیر قانونی طورپر مقیم ستر پاکستانیوں کو بےدخل کررہا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ بے دخل کئے جانے والے پاکستانیوں سے متعلق قانونی تقاضے پورے کرے۔  شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانوں کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کررہا ہے۔


وزیر خارجہ نے کمیٹی کو بتایا کہ وہ ہفتہ سے کویت کا دو روزہ دورے کریں گے اوروہ کویت کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ویزے کے مسئلے پر امیر کویت کےلئے وزیراعظم عمران خان کا خط بھی لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ قطر کے امیر مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔


  بعد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پورا خطہ متاثر ہورہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی ترتیب دے گا۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان اربوں ڈالر مالیت کے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر پرپیشرفت کا خواہاں ہے تاہم ایران کے خلاف پابندیوں کی صورت میں اس میں تیسرا فریق رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ معاملے پر بات چیت کررہا ہے۔


وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین انسانی سمگلنگ کے معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس سلسلے میں ایک موثر پالیسی وضع کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بعض قوتیں چین پاکستان تعلقات کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔







مزیدخبریں