پی ایچ ڈی اعلی ترین اور قابل فخر ڈگری ہے۔مگر خواتین کے لئے پاکستان کے تعلیمی اداروں میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کاحصول خوکشی کا باعث بھی بن رہاہے۔نادیہ اشرف پی ایچ ڈی کی ڈگری لیکر قومی خدمات انجام دینے کی امید پر دس سال کن کن حالات سے گزری اور اس پر کیا کیا بیتی وہ سارے راز دل میں لئے کبھی نہ بیدار ہونے والی نیند ہوچکی ہے۔ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خواہش نادیہ اشرف کا جرم بن گیا اور موت کے منہ میں جانے کو ہی اس نے نجات سمجھی ۔یہ انتہائی سفاکیت اور ظالمانہ عمل ہے کہ استاد ہی شیطان بن جائے ۔طالب علم کے لئےجب ایسی صورتحال پیدا ہوجائے کہ اسے خود کشی کےعلاوہ کوئی راستہ نہ ملے تو پھر پوری قوم اور ارباب اختیار کےلئے لمحہ فکریہ ہے۔
جس دور میں لٹ جائے فقیروں کی کمائی ۔۔۔اس دور کے سلطان سے کوئی بھول ہوئی ہے
نمل یونیورسٹی اسلام آباد کی پی ایچ ڈی سکالر تحریم کےلئے بھی پی ایچ ڈی کی ڈگری کا حصول وبال بن گیا ہے۔دس سال سے زائد عرصہ گزرگیا ہے۔پی ایچ ڈی کے نگران ڈگری ایوارڈ کرنے کی منظوری دے چکے ہیں ۔صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ڈگری کو ایوارڈ کر چکے ہیں مگر یونیورسٹی کے ڈین نے قسم کھا رکھی ہے کہ تحریم کو اس کے ہوتے ہوئے ڈگری نہیں مل سکتی ہے۔
بات یہاں تک رہتی تو کوئی اوروجہ تلاش کی جاسکتی تھی کہ کیا امر مانع ہے کہ ڈگری نہیں دی جا سکتی ہے۔ پی ایچ ڈی سکالر تحریم نے تھک ہار کر عدالت کےدروازے پر دستک دی کہ شاید کوئی انصاف مل سکےمگر یونیورسٹی کے ڈین نے جوابی دعویٰ دائر کردیا ہے کہ یونیورسٹی طالبہ کو ڈگری ایوارڈ نہیں کر سکتی ہے۔
نمل یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرنے والے دس سکالرز ایسے ہیں ۔جنہیں دس دس سال سے زیادہ عرصہ گزرچکا ہے مگر انہیں تاحال ڈگری نہیں ملی ہے۔خوفناک بات یہ ہے کہ متاثرہ پی ایچ ڈی سکالرز لب کشائی پر بالکل تیار نہیں ہیں اور بولنے سے ڈرتے ہیں۔نمل یونیورسٹی انتظامیہ سے اس قدر خوف زدہ ہیں کسی سوال کا جواب نہیں دے پاتے ہیں۔خبر دینا چاہتے ہیں اور ساتھ کہتے ہیں کہ ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے۔ یونیورسٹی انتظامیہ اور اساتذہ نے کیا خوف طاری رکھا ہے۔اس خوف کے پچھے کیا کہانی ہے۔طالب علم کچھ بتانے سے گریزاں کیوں ہیں ۔
یہ خوفناک صورتحال کیوں پیدا ہورہی ہے۔ہائر ایجوکشن کمیشن ،وزرات تعلیم سمیت ارباب اختیار اس خوفناکی پر نوٹس لیں ۔والدین میدان عمل میں آکر تعلیمی اداروں میں موجود کالی بھیڑوں ،وحشی درندوں کے خلاف آواز اٹھائیں ۔یہ صرف تحریم اور اس کے دس ساتھی طالب علموں کا مسلہ نہیں ہے بلکہ خواتین کے لئے تعلیم کے دروازے بند کرنے کے مصداق ہے۔اہل فکر طبقات ،انسانی حقوق کی تنظیمیں،عورت حقوق کے علمبردار اور سول سوسائٹی آواز بلند کرے