ورلڈ کپ، روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج آمنے سامنے ہوں گے

محکمہ موسمیات نے موسم کے حوالے سے اہم پیش گوئی کردی۔ پاک بھارت میچ کے دوران محکمہ موسمیات کی طرف سے بارش کی مداخلت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ موسم کا حال دیکھنے والوں کے مطابق آج احمد آباد میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔

11:47 AM, 14 Oct, 2023

نیا دور

کرکٹ ورلڈکپ کے ہائی وولٹیج مقابلے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج دوپہر ڈیڑھ بجے بھارتی شہر احمد آباد کے سٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی۔

ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں اب تک ناقابل شکست ہیں جو آج احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں ٹکرائیں گی۔ دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی 2 میچز جیت چکی ہیں۔ پاکستان نے نیدرلینڈز اور سری لنکا کو شکست دی تھی جبکہ میزبان بھارت کی ٹیم نے افغانستان اور آسٹریلیا کو زیر کرلیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ 2016 کے بعد پہلی مرتبہ بھارت کا دورہ کر رہی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے موسم کے حوالے سے اہم پیش گوئی کردی۔ پاک بھارت میچ کے دوران محکمہ موسمیات کی طرف سے بارش کی مداخلت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ موسم کا حال دیکھنے والوں کے مطابق آج احمد آباد میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق ورلڈکپ کے گروپ سٹیج میچز بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو برابر پوائنٹس ملیں گے۔ بارش ہونے کی صورت میں ریزرو ڈے صرف دو سیمی فائنلز اور فائنل میچ کیلئے رکھا گیا ہے۔

پاک بھارت میچ سے متعلق قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ ہم نے بھارت کو ہرایا ہوا ہے اب بھی ہرا سکتے ہیں۔ بھارت کے خلاف کارکردگی میں کافی فرق نظرآئے گا، اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

بھارتی کپتان روہت شرما پاکستانی ٹیم کی کارکردگی سے متاثرہوئے بنا نہ رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیمیں برابر ہیں۔ کوئی فیورٹ نہیں۔ پاکستان نے گزشتہ دو میچوں میں اچھی پرفارمنس دکھائی۔ نہیں لگتا کہ ٹاس کا میچ پر اتنا زیادہ اثر ہوگا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کی پلیئنگ الیون میں تبدیلی نہ ہونے کا امکان ہے۔

پریکٹس سیشن کے بعد ٹیم میٹنگ میں پاکستان پلیئنگ الیون پر غور کیا گیا اور کوئی تبدیلی نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ کہا گیا کہ ٹیم میٹنگ میں بات چیت ہوئی کہ وننگ کمبی نیشن میں اس وقت تبدیلی کی ضرورت نہیں۔

پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد اور شاداب خان شامل ہیں۔محمد نواز، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف بھی ممکنہ پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے سب سے زیادہ 5 مرتبہ ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں 2، 2 بار جبکہ پاکستان ، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔

مزیدخبریں