تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پی ٹی وی کی عمارت میں قائم بینک کی ملازمہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ملازمہ میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد بینک کو بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی وی کی انتظامیہ نے اس حوالے سے کسی قسم کے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے۔ بینک ملازمہ میں کرونا وائرس کی تصدیق کو 24 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے۔ پی ٹی وی انتظامیہ کی غفلت نے سیکڑوں ملازمین کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 6 ہزار 246 افراد وائرس سے متاثر جبکہ 113 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ یکم اپریل سے ملک میں اموات اور کیسز کی تعداد بہت زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے اور انہیں 15 دنوں کے دوران ایک روز میں زیادہ سے زیادہ 14 اموات تک ریکارڈ کی گئیں تھیں۔
اگرچہ حکومتی سطح پر کرونا وائرس کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم اس کا پھیلاؤ جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے ملک میں مزید 2 ہفتوں کے لیے جزوی لاک ڈاؤن میں توسیع کی گئی ہے تاہم ساتھ ہی مختلف شعبوں کو کھولنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔