لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کوئی پروگرام بند نہیں ہوا، عوام کی بھلائی کے ہر منصوبے کو مزید بہتر بنائیں گے، وزیراعظم نوازشریف کا شروع کردہ صحت کارڈ اسی طرح چلتا رہے گا، اسے مزید بہتر بنائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ جھوٹ وہ پھیلا رہے ہیں جنہیں وزیراعظم کی کرسی اور کنٹینر پر جھوٹ بولنے کی عادت ہے، آج ملک میں ایسا منتخب وزیراعظم ہے جو قومی سلامتی کے معاملات کو سیاست کے لیے استعمال نہیں کرتا۔
مریم اورنگزیب کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہبازشریف نے پہلے خطاب میں واضح کیا کہ عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے۔
انہوں نےکہا کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام نہ صرف جاری رہے گا بلکہ اسے مزید توسیع دی جائے گی، وزیراعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بچوں، بچیوں کی تعلیم کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔