گول میز کانفرنس لاہور کے مقامی ہوٹل میں آ سہ پہر تین بجے منعقد ہوگی۔ لطیف کھوسہ کی قیادت میں اعتزازاحسن اور خواجہ طارق رحیم اہم ترین گول میزکانفرنس کی میزبانی کریں گے۔
گول میز کانفرنس میں ملک کے صف اول کے آئینی و قانونی ماہرین شریک ہوں گے۔ سول سوسائٹی اورسیاسی جماعتوں کے مندوبین کو بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے جبکہ ملک کے نامور صحافیوں کو بھی گول میز کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے۔
کانفرنس میں مقننہ اور پارلیمان کی عدلیہ کے خلاف 'سپریم کورٹ بل' کا مفصل جائزہ لیا جائے گا۔ آئینی وقانونی ماہرین ریاستی سطح پر آئین سے انحراف کی کوششوں کا تجزیہ کریں گے۔ اس کے علاوہ کانفرنس میں دستوروقانون کی درست تعبیرات سےمتعلق تجزیہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے ججز کے خلاف سرکاری وسائل سے یلغار کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ملک میں بنیادی آئینی حقوق کی بدترین پامالیوں اور جمہوری و پارلیمانی نظام کے خلاف حکومتی ریشہ دورانیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
گول میز کانفرنس کے اختتام پر مفصل اعلامیے کی صورت میں آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔