اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف علی زرداری کہتے ہیں عمران خان مقبول لیڈر نہیں۔ آصف زرداری کی خواہش ہے کہ شہباز شریف نااہل ہو جائیں تاکہ بلاول زرداری کے لیے راستہ بن جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آئین اور قانون کی جنگ لڑ رہا ہے۔ عدلیہ جیتے گی کیونکہ قوم عدلیہ کے ساتھ ہے۔ عدلیہ نے دور اندیشی سے آئین کو بلند رکھا۔ 3 روز میں سٹیٹ بینک آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے جمع کروانے ہیں۔ اگر ایسا نہیں ہو گا تو وہ آرٹیکل 6 کے ریڈار پر ہوں گے۔ یہ حکمرانوں کا نہیں عوام کا پیسہ ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم کیسوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔ سیاستدان بند گلی میں جارہے ہیں۔ امید ہے عدلیہ جیتے گی۔ حکمران اپنے کیسز ختم کروانے آئے ہیں لیکن ان کی جان نیب سے نہیں چھوٹے گی۔ ابھی نیب ترمیم پاس نہیں ہوئی اس کا کیس سپریم کورٹ میں ہے۔ نیب کا قانون حکومت اراکین کے گلے میں اٹکا ہوا ہے۔ یہ قوم سڑکوں پر فیصلے کرے گی۔ آپ ملک سے بھاگ نہیں سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چابی والے کھلونوں نے 24 کروڑ عوام کے ملک کو مذاق سمجھ رکھا ہے۔ قوم مہنگائی سے پریشان ہے۔ قوم اس مہنگائی میں مری جارہی ہے۔ یہ ایک سال سے خیرات مانگ رہے ہیں۔ یہ ایک سال سے کشکول لے کر پھر رہے ہیں۔