عمران خان کا 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان، حکومت کا اعتراضات دائر کرنے کا فیصلہ

11:43 AM, 15 Aug, 2022

نیا دور
وفاقی حکومت نے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے 9 حلقوں سے انتخابات میں حصہ لینے کے اعلان پر الیکشن کمیشن میں اعتراضات دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

خیال رہہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والی نشستوں پر 25 ستمبر کو ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے جبکہ عمران خان نے ان تمام 9 حلقوں میں خود الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت کی جانب سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر الیکشن کمیشن میں حکومتی امیدوار اعتراض اٹھائیں گے۔ یہ اعتراضات 17 سے 20 اگست کے درمیان الیکشن کمیشن میں دائر ہوں گے۔

حکومتی امیدواروں کی جانب سے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ، اثاثے چھپانے اور صادق وامین نہ ہونے کا بھی اعتراض کیا جائے گا، جبکہ اعتراضات کے ساتھ ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ بھی منسلک کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان حلقوں کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 10 سے 13 اگست تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی۔

الیکشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات قومی اسمبلی کے این اے 246 کراچی ساؤتھ، این اے 239 کورنگی، این اے 237 ملیر کراچی، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 108 فیصل آباد، این اے 45 کرم، این اے 31 پشاور، حلقہ 24 چارسدہ اور حلقہ 22 مردان میں ہوں گے۔

 
مزیدخبریں