پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران خاتون پر پستول تاننے والا تھانیدار نوکری سے فارغ

04:31 PM, 15 Aug, 2022

نیا دور
وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائر ہاشم ڈوگر نے بتایا ہے کہ رواں سال 25 مئی کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران ایک نہتی خاتون پر پستول تاننے والے تھانیدار کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔

ہاشم ڈوگر نے کہا اے آر وائے نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عابد جٹ نامی پنجاب پولیس کے اس سابق ایس ایچ او کو نوکری سے برخاست کرنے سے قبل اس کیخلاف تمام انکوائری کی گئی، الزام ثابت ہونے کے بعد ہی یہ اقدام اٹھایا گیا۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انکوائری میں ثابت ہوا ہے کہ ایس ایچ او عابد جٹ کو کسی پر بھی پستول تاننے کی کوئی ہدایت نہیں کی گئی تھی۔ پولیس نے محکمانہ انکوائری کرکے اسے نوکری سے برخاست کر دیا ہے۔

https://twitter.com/ColhashimDogar/status/1559178842685702145?s=20&t=dnZZdHVczZR5IWh9y9PidQ

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند دن میں ایسی اور بھی کارروائیاں ہونگی۔ جنہوں نے بھی زیادتیاں کیں وہ اب بچ نہیں پائیں گے۔ پنجاب پولیس ایک پروفیشنل ادارہ ہے، اس میں کالی بھیڑوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کے واقعات کی تحقیقات جاری ہیں، جس نے آئین وقانون کی خلاف ورزی کی ہے اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔ اطلاعات ہیں عطا تارڑ نے پولیس کو زائد المعیاد آنسو گیس شیلنگ کا حکم دیا تھا۔

ہاشم ڈوگر نے کہا کہ عطا تارڑ سے یہ ہی پوچھنا تھا کہ انہوں نے حکم دیا ہے یا نہیں، عطا تارڑ نے حکم نہیں دیا تو بے شک وہ اپنے گھر آرام سے آئیں جائیں، کوئی غیر قانونی کام نہیں کرونگا جو قصوروار ہوگا کٹہرے میں کھڑا ہوگا۔

https://twitter.com/siasatpk/status/1529466876211998722?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1529466876211998722%7Ctwgr%5E8a0ad39fce81d6a5c9312b07a87dfcb8a2c8b89a%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.nayadaur.tv%2Fnews%2F87939%2Fptis-long-march-faisalabad-sho-imran-khan-supreme-court-pakistan%2F

انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی نااہلی سے متعلق خبروں پر کہا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ سزا یافتہ واپس آکر سیاست کرے اور عمران خان نااہل ہوں۔ عمران خان کو نااہل کس بنیاد پر کیا جائے گا؟ انہوں نے ایسا کیا جرم کیا ہے جو انہیں نااہل کیا جائے گا؟ انہیں نااہل کرنے کے فیصلے پر قوم بالکل تیار نہیں ہوگی۔ ہمیں اشتعال دلانے کی ہر کوشش کی جا رہی ہے۔ ہم عمران خان کے علاوہ کسی کو اپنا لیڈر نہیں مانتے۔

صوبائی وز یرداخلہ نے نواز شریف کی وطن واپسی کی خبروں پر کہا کہ وہ واپس آئے تو ان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ نواز شریف علاج کیلئے ضمانت دے کر بیرون ملک گئے تھے۔ قانون سب کیلئے ایک ہے۔ ماضی میں ان کی باریاں لگی ہوئی تھیں۔ اب وہ حالات نہیں ہیں۔ ن لیگ نے جو کرنا تھا کر لیا، اب وہ تاریخ کا حصہ بن رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا لانگ مارچ، فیصل آباد میں ایس ایچ او نے خاتون پر پستول تان لیا

خیال رہے کہ 25 مئی کو فیصل آباد میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے قافلے میں شامل ایک خاتون پر پنجاب پولیس کے ایس ایچ او نے پستول تان لیا تھا۔ پولیس افسر خاتون کو واپس جانے کی دھمکیاں دیتا رہا۔ اس موقع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔

عوام نے اس واقعے پر شدید شدید غم وغصے کا اظہار کیا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ کیا اس ملک میں خاتون صرف مریم نواز ہے۔ ایک آزاد ملک میں اپنے حق کیلئے باہر نکلنے پر ایس ایچ او نے پستول تان لیا۔ اس سے بڑی بے غیرتی کیا ہو گی۔ مر جانے کا مقام ہے، ایسے مناظر مقبوضہ ممالک میں دیکھنے کو ملتے ہیں۔

ایک اور صارف نے لکھا تھا کہ اگر حکومت سمجھتی ہے کہ صرف چار پانچ ہزار بندہ ہے تو پھر پورے ملک کو کیوں مفلوج کیا ہوا ہے؟ ہٹائیں کنٹینر آنے دیں پانچ ہزار بندے اسلام آباد، کیوں پی ٹی آئی کو شرمندگی سے بچا رہے ہیں۔ پوری قوم کو دیکھائیں کہ صرف پانچ ہزار بندہ آیا ہے اسلام آباد۔
مزیدخبریں