جسٹس ریٹائرڈمقبول باقر نگران وزیر اعلیٰ سندھ مقرر، گورنر نے منظوری دیدی

گورنر سندھ نے آئین کے آرٹیکل 224(1-اے) کے تحت مقبول باقر کو نگران وزیر اعلیٰ بنانے کی منظوری دی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر کی تقریب حلف برداری کل ہوگی۔

11:32 AM, 15 Aug, 2023

نیا دور

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے جسٹس (ر) مقبول باقر کو نگران وزیر اعلیٰ سندھ بنانے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جسٹس (ریٹائرڈ) مقبول باقر  کو نگران وزیر اعلیٰ بنانے کی سمری پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے دستخط کر دیے۔ گورنر سندھ نے آئین کے آرٹیکل 224(1-اے) کے تحت مقبول باقر کو نگران وزیر اعلیٰ بنانے کی منظوری دی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر کی تقریب حلف برداری کل ہوگی۔ گورنر سندھ ان سے عہدے کا حلف لیں گے۔

اس سے قبل، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کی ملاقات میں جسٹس (ر) مقبول باقر کو سندھ کا نگران وزیر اعلیٰ بنانے پر اتفاق ہوا تھا۔ جس کے بعد سمری گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ارسال کی گئی۔ گزشتہ 3 روز سے نگران وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کیلئے مشاورت چل رہی تھی۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے جسٹس (ر) مقبول باقر5 اپریل 1957 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے جامعہ کراچی سے ایل ایل بی کیا اور 1981 میں وکالت کے شعبے سے منسلک ہو گئے۔  وہ 26 اگست 2003 میں سندھ ہائی کورٹ کے مستقل جج بنے۔

جسٹس (ر) مقبول باقر 20 ستمبر 2013 میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقرر ہوئے اس کے بعد 17 فروری 2015 کو وہ سپریم کورٹ پاکستان کے جج بن گئے۔ 4 اپریل 2022 کو سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔

نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر پر 2013 میں دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوئے۔ حملے میں ان کے سکیورٹی عملے سمیت 9 افراد شہید ہوئے تھے۔

مزیدخبریں