پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی سے استعفوں کی تصدیق کے لیے وقت مانگ لیا

06:00 PM, 15 Dec, 2022

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی سے استعفوں کی تصدیق کے لیے سپیکر قومی اسمبلی سے وقت مانگ لیا ہے۔

تحریک انصاف کے سینیئررہنما شاہ محمود قریشی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے نام خط میں پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپیکر کو کہا گیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے اراکین کو استعفوں کی تصدیق کے لیے باری باری یا پھر اجتماعی طور پر بلائیں تا کہ ہم اپنے استعفوں کی تصدیق کر سکیں۔ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سپیکر نے آئین اور قانون سے ہٹ کر حکومتی ایما پر فیصلہ کیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت نے سپریم کورٹ میں غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی مستعفی ہونے کے باوجود قومی اسمبلی سے تنخواہیں لے رہے ہیں۔ اپریل کے بعد کسی رکن کو تنخواہ نہیں ملی۔ فواد چودھری نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کو شبہ ہے کہ حکومتی اراکین قومی اسمبلی پی ٹی آئی کے اراکین کی تنخواہیں نہ نکلوا رہے ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اعتماد کے ووٹ کے لیے پرویز الہیٰ کے پاس نمبر پورے ہیں۔ گورنر پنجاب بلاوجہ بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ بن رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کچھ روز قبل کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے اس لیے قبول نہیں کیے کہ وہ مجھ سے الگ آ کر کہتے ہیں کہ ان پر دباؤ ہے اور وہ مجبور ہیں اس لیے وہ استعفے نہیں دینا چاہتے۔
مزیدخبریں