پی ایس ایل9: پک نہ کرنے پر دلبرداشتہ احمد شہزاد نے لیگ کو خیرباد کہہ دیا

احمد شہزاد نے لکھا کہ نیشنل ٹی 20 اور ڈومیسٹک لیول پر کارکردگی دکھانے کے باوجود پی ایس ایل 9 میں مجھے منتخب نہیں کیا گیا۔ ایسے سلوک کے بعد دوبارہ لیگ کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ مجھے شامل نہ کرنا باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ کیونکہ پی ایس ایل فرنچائزز نے مجھ سے بری پرفارمنس والے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا۔

01:25 PM, 15 Dec, 2023

ذیشان نواز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی احمد شہزاد نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے ایڈیشن 9 میں کسی بھی ٹیم میں جگہ نہ ملنے کے بعددلبرداشتہ ہو کر پی ایس ایل کو خیرباد کہنےکا اعلان کر دیا۔

دو روز قبل لاہور میں پی ایس ایل ایڈیشن 9 کی ڈرافٹنگ کی تقریب منعقد کی گئی۔جس میں پی ایس ایل ٹیموں نے ڈرافٹ میں کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم کے لیے پک کیا تھا تاہم کسی بھی ٹیم کی جانب سے احمد شہزاد کو پک نہ کیا گیا۔

احمد شہزاد نے سوشل میڈیا پر ایک دلبرداشتہ نوٹ لکھا اور کہا سوچا تھا کہ رواں سال یہ نوٹ نہیں لکھوں گا۔ ایک اور ڈرافٹ گزر گیا لیکن وہی پرانی کہانی! اللہ ہی بہتر جانتا ہے مجھے کیوں پک نہیں کیا گیا۔ وہ پلان کرتے ہیں۔ پھر اللہ کا پلان ہوتا ہے اور بےشک اللہ بہتر فیصلے کرنے والا ہے۔

احمد شہزاد نے لکھا کہ نیشنل ٹی 20 اور ڈومیسٹک لیول پر کارکردگی دکھانے کے باوجود پی ایس ایل 9 میں مجھے منتخب نہیں کیا گیا۔ ایسے سلوک کے بعد دوبارہ لیگ کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

احمد شہزاد کے مطابق مجھے شامل نہ کرنا باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ کیونکہ پی ایس ایل فرنچائزز نے مجھ سے بری پرفارمنس والے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا۔

احمد شہزادنے الزام عائد کیا کہ لگتا ہے تمام 6 فرنچائزز انہیں لیگ سے باہررکھنے پر متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے کھیلنا اولین ترجیح رہی۔ کبھی بھی پیسے کیلئے نہیں کھیلا۔ میں نے غیر ملکی لیگز سے پیشکش کے باوجود ڈومیسٹک کھیلنے کو ترجیح دی۔ ملک کیلئے محبت کا اس سے بڑھ کر کیا ثبوت ہوسکتا ہے۔ ہمیشہ گرین شرٹ پہن کر کھیلنے میں فخر محسوس کرتا ہوں۔

کرکٹر نے اپنے پرستاروں کو پیغام دیا کہ وہ تمام صورتحال سے پہلے ہی واقف ہیں لیکن جلد ہی انہیں بھی اس حوالے سے آگاہ کریں گے۔ تاہم پی ایس ایل سے راہیں جدا کرتے ہوئے خود کو باعزت طور پر الگ کررہے ہیں۔

احمد شہزاد نے آئندہ کیلئے پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کا حصہ بننے سے انکار کرتے ہوئے اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں جو کچھ بھی حاصل کیا اس کے لیے اللہ اور اپنے فینز کا شکر گزار ہوں. ہمیشہ اپنے ملک کی سربلندی کے لیے کھیلا ہوں اور کبھی بھی اس ملک کو نیچا نہیں ہونے دوں گا۔ ایمانداری کی یہی قیمت ادا کرنا تھی تو ملک کے لیے یہ ایک بہت چھوٹا سا کام ہے۔ پاکستان زندہ باد۔

مزیدخبریں