وہاج علی نے عالمی سطح پر سال 2023 کی بہترین سلیبریٹی کا اعزاز اپنے نام کرلیا

وہاج علی ٹاپ 10 میں شامل واحد پاکستانی ہیں۔انہوں نے اپنی شاندار اور غیر معمولی پرفارمنس کے ساتھ ہالی ووڈ اور بالی ووڈ سمیت تمام صنعتوں میں عالمی مشہور شخصیات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

03:18 PM, 15 Dec, 2023

نیا دور

پاکستان شوبز انڈسٹری کے خوبرواداکار وہاج علی نے سال 2023 کی بہترین سلیبریٹی کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

برطانوی میگزین ایسٹرن آئی کی جانب سے 2023 کے آخر میں جاری ہونے والی  50  بہترین ایشیائی شخصیات کی ایک فہرست شائع کی گئی ہے جس میں فلم، ٹیلی ویژن، موسیقی، ادب اور سوشل میڈیا سمیت مختلف شعبوں کے افراد کو شامل کیا گیا ہے۔

اسی فہرست میں پاکستان کے مقبول اداکار وہاج علی اپنی اداکاری کے سبب نویں نمبر پر ہیں۔

وہاج علی، جو ٹاپ 10 میں شامل واحد پاکستانی ہیں، نے اپنی شانداراور غیر معمولی پرفارمنس کے ساتھ ہالی ووڈ اور بالی ووڈ سمیت تمام صنعتوں میں عالمی مشہور شخصیات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ ایڈیٹر اسجد نذیر کی تیار کردہ یہ فہرست وہاج علی کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں نمایاں خدمات کا ثبوت ہے۔

ان کا ریکارڈ توڑ ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ ان کی شاندار اداکاری کو اجاگر کرتا ہے جس سے اداکار کو خوب پذیرائی ملی تھی۔

اسجد نذیر نے وہاج علی کو 2023 کا سب سے بڑا ’سرپرائزپیکج ’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے غیر معمولی کام سے اپنے ملک کی قابلِ ستائش نمائندگی کی۔

انہوں نے کہا کہ وہاج علی کا شمار اس نسل کے بہترین پاکستانی اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے سال بھر بہترین اداکاری کی۔

گلوبل آئیکون شاہ رُخ خان اس فہرست میں سرِفہرست ہیں۔ انہوں نے ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ جیسی بلاک بسٹر ہٹ فلموں کے سبب اپنی شہرت میں اضافہ کیا۔

علاوہ دنیا کی ٹاپ 50 ایشیائی شخصیات کی فہرست میں شامل دیگر پاکستانی نژاد ستاروں میں رض احمد، سجل علی، عروج آفتاب، یمنیٰ زیدی، شہزاد لطیف، حدیقہ کیانی، احد رضا میر، معاذ رضوان، اور بلال عباس خان شامل ہیں۔

وہاج علی کی کامیابی نہ صرف ذاتی کامیابی بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی کامیابی کی علامت ہے۔

مزیدخبریں