عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے: نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی

نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ملک میں انتخابات کرانےکا واحد ذمے دار آئینی ادارہ الیکشن کمیشن ہے جو آئین وقانون کی روشنی میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔

03:40 PM, 15 Dec, 2023

نیا دور

نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کی روشنی میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔  نگران حکومت الیکشن کمیشن کی باز پرس نہیں کرسکتی، الیکشن کمیشن ہماری نگرانی کرتا ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ملک میں انتخابات کرانےکا واحد ذمے دار آئینی ادارہ الیکشن کمیشن ہے جو آئین وقانون کی روشنی میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرےگا۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا 8 فروری کوالیکشن ہونے جارہے ہیں۔ جس پر نگران وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا ڈی آر اوز اور آر اوز کی تعیناتیاں معطل ہونے سے الیکشن شیڈول متاثرہوگا۔ جس پر مرتضی سولنگی نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن کا اپنا ترجمان موجود ہے، وہی اس کا جواب دے گا۔

صحافی نے سوال کیا کہ آصف زرداری نے عام انتخابات میں تاخیر کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ جس پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگران حکومت الیکشن کمیشن کی باز پرس نہیں کرسکتی، الیکشن کمیشن ہماری نگرانی کرتا ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو الیکشن کمیشن کے حکم کے باوجود تبدیل نہیں کیا گیا۔ جس پر نگران وزیراطلاعات نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کی تعیناتی الیکشن کمیشن خود کرتا ہے

مرتضی سولنگی کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیا پر پابندی نہیں لگا رہی۔ آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 اے کے تحت ہر ایک کو آزادی اظہار رائے کا حق حاصل ہے۔ سرکاری ٹی وی پر تمام رجسٹرڈسیاسی پارٹیوں کو یکساں کوریج دی جارہی ہے۔

صحافی نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ انہیں لیول پلئینگ فیلڈ نہیں مل رہی۔ جس پر نگران وزیراطلاعات نے جواب دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو تنقید کرنے کاا ختیار ہے۔

مزیدخبریں