اسلام آباد ہائیکورٹ: فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

09:00 AM, 15 Feb, 2022

نیا دور
حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ان کی تاحیات نااہلی کے فیصلے کو عدالت عالیہ میں چیلنج کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے دوہری شہریت کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے فیصلےکو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چینلج کردیا۔ فیصل واوڈا سندھ سے تحریک انصاف کی نشست پر 3 مارچ 2021 کو سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔

پی ٹی آئی رہنما نے اپنے وکیل وسیم سجاد ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کروائی ہے، فیصل واوڈا نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 63 ون ایف کے تحت نااہل کیا اور آئینی تقاضے پورے نہیں کئے گئے، الیکشن کمیشن نے سنے بغیر فیصلہ کیا ہے، انہوں نے استدعاکی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ الیکشن کمیشن کا 9 فروری کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نےتاحیات نااہلی کیخلاف فیصل واوڈا کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر لی. چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کل فیصل واوڈا کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصل واوڈا کو دوہری شہریت کیس میں تاحیات نااہل قرار دیا ہے، الیکشن کمیشن نے اپنےفیصلے میں کہا تھا کہ فیصل واوڈا نے اپنےکاغذات نامزدگی میں غلط بیانی سے کام لیا اور کاغذات نامزدگی کے وقت جعلی حلف نامہ جمع کرایا، فیصلے میں بطور سینیٹر عہدے کا اعلامیہ بھی واپس لینے کا حکم دیا گیا تھا، جس کےبعد ان کا بطور سینیٹر الیکشن کمیشن سے جاری نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما نے جرم چھپانے کے لئے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیا، انہیں دو مہینوں میں تمام مالی مراعات واپس کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
مزیدخبریں