پی ایس ایل 9: میچز کے دوران ٹریفک کی روانی کیلئے پلان تیار

چیف ٹریفک آفیسر لاہورعمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ میچ کے دوران کسی بھی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند نہیں کیا جائے گا جبکہ ٹیم کی موومنٹ کے دوران مخصوص روڈز کو کچھ دیر کے لیے بند کیا جائے گا۔ راستہ ایپ، راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک کی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا۔ شہری مزید رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر کال کرسکیں گے۔شہری قذافی سٹیڈیم کی طرف غیر ضروری سفرسے گریز کریں۔

12:53 PM, 15 Feb, 2024

نیا دور

پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ سجنے کو تیار ہے۔ پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیزن 9 میں اب صرف 2 روز باقی رہ گئے۔ شائقین کرکٹ میچز اور اپنے فیورٹ کھلاڑیوں کی اننگز دیکھنے کو بیتاب ہیں۔ لاہور میں پی ایس ایل9 کے میچز کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شائقین کی آگاہی کے لیے پلان جاری کردیا گیا۔

اس حوالے سے لاہور ٹریفک پولیس نے عوامی سہولت اور شائقین کرکٹ کی آگاہی کے لیے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ اطہر نے کہا کہ 4 سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پیز)، 12 ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پیز) اور 90 انسپکٹرز فرائض سرانجام دیں گے۔

عمارہ اطہر نے کہا کہ قذافی سٹیڈیم، ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر 900 سے زائد وارڈنز تعینات ہوں گے، غلط پارکنگ کے خاتمے کے لیے 20 فورک لفٹرز، 5 بریک ڈاؤنز بھی تعینات ہوں گے۔

شائقین کرکٹ کی سہولت اور باآسانی سٹیڈیم تک رسائی کے لیے 3 پارکنگ سٹینڈز مختص کیے جائیں گے. سٹی ٹریفک پولیس روائتی انداز میں شائقین کرکٹ کو خوش آمدید کہے گی. مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ روڈ اور گلبرگ ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گے۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا مزید کہنا ہے کہ میچ کے دوران کسی بھی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند نہیں کیا جائے گا جبکہ ٹیم کی موومنٹ کے دوران مخصوص روڈز کو کچھ دیر کے لیے بند کیا جائے گا۔ شائقین کرکٹ کی سہولت اورباآسانی سٹیڈیم تک رسائی کے لیے 3 پارکنگ سٹینڈزبھی مختص کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

سی ٹی او لاہور کے مطابق راستہ ایپ، راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک کی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا۔ شہری مزید رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر کال کرسکیں گے۔شہری قذافی سٹیڈیم کی طرف غیر ضروری سفرسے گریز کریں۔ پارکنگ اورسٹیڈیم میں داخلے کیلئےٹریفک کے عملے سے رہنمائی لیں۔ ٹریفک کی صورتحال سےآگاہ رہنے کیلئے راستہ ایپ،راستہ ایف ایم سنتے رہیں۔

پی ایس ایل 9 کیلئے لاہور، راولپنڈی، ملتان میں میچوں کیلئے سکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔  قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچز کے دوران 16 ہزار سے زائد نفری سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گی۔ پی ایس ایل سکیورٹی پرلاہور میں  13 ایس پیز، 36 ڈی ایس پیز،81انسپکٹرز/ایس ایچ اوز تعینات ہوں گے۔ سکیورٹی کے دوران 617 اپر سب آرڈینیٹس اور 103لیڈی اہلکار بھی ڈیوٹی فرائض انجام دیں گی جبکہ ایلیٹ فورس کی 27، ڈولفن سکواڈ کی 60 اور پولیس ریسپانس یونٹ کی 52 ٹیمیں پٹرولنگ کریں گی۔

دوسری جانب پی ایس ایل 9 کی فول پروف سکیورٹی اور شائقین کیلئے نئے شاندار انتظامات کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پاکستان سپر لیگ9 کیلئے انتظامات اور سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا۔ 

محسن نقوی  کا ہدایت دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ایس ایل 9 کے میچوں کا آغاز 17 فروری سے ہو رہا ہے۔ تمام تر انتظامات کو خوب سے خوب تر ہونا چاہیے۔ ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے موثر مینجمنٹ کی جائے، ٹریفک کی بندش کا دورانیہ کم سے کم ہونا چاہیے۔ 
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ   شہریوں کو میڈیا کے ذریعے متبادل روٹس سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔ متعلقہ ادارے، محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض سرانجام دیں. جتنا بڑا ایونٹ ہے اس لحاظ سے انتظامات ہونے چاہیے۔ شائقین کرکٹ کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سی سی پی او،کمشنر، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی آپریشنز، سی ٹی او نے شرکت کی۔

13 فروری کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے نئے سیزن کی ٹرافی کی رونمائی کی۔ ٹرافی کی تقریب رونمائی لاہور کے پولو گراؤنڈ میں منفرد انداز میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز، کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم بھی شریک تھے۔ ٹرافی کو ’دی اورین ٹرافی‘ کا نام دیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا آغاز 17 فروری کو لاہور سے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ سے ہو گا جبکہ ایونٹ کا فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے اور ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں ہوگا۔

34 میچوں پر مشتمل اس ٹی20 ٹورنامنٹ میں کراچی سب سے زیادہ 11میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔

لاہور کا قذافی سٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ سٹیڈیم 9، 9 میچز کی میزبانی کریں گے جبکہ ملتان میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔

مزیدخبریں