حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کیلئے جانے والے زائرین کی گاڑیوں کو حادثات پیش آئے ہیں، جس کے نتیجے میں علامہ حسن ترابی کے بیٹے سمیت 25 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پہلا حادثہ انڈس ہائی وے پر منجھند کے قریب جمعہ کو پیش آیا جس میں علامہ حسن ترابی کے صاحبزادے زین ترابی سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ایس یو وی اور کار میں آمنے سامنے ٹکر ہوئی۔
جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ زین ترابی، 30 سالہ سید علی جان رضوی، 15 سالہ خواجہ علی کاظم، 25 سالہ خواجہ ندیم، اور 35 سالہ ڈرائیور عبدالغنی منگریو شامل ہیں۔ تمام افراد کا تعلق گلگت بلتستان سے تھا اور وہ خیرپور میں ایک مذہبی تقریب میں شرکت کے بعد کراچی واپس جا رہے تھے۔
حادثے میں دوسری گاڑی بھی شدید متاثر ہوئی، جس میں سوار تمام چھ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کی شناخت بلال نیازی، احسن نیازی، مجیر نیازی، محمد اسحاق نیازی، عزیز بھٹی اور محمد شبیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں فوری طور پر لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ٹیموں اور مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں انجام دیں، لیکن طویل فاصلے اور انڈس ہائی وے پر فوری طبی امداد کے مراکز کی کمی کے باعث جانیں نہیں بچائی جا سکیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور غلط سمت سے آنے والی گاڑی کے باعث پیش آیا۔ حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ ایس یو وی کا اگلا حصہ بھی بری طرح متاثر ہوا۔
جاں بحق افراد کی لاشیں شیعہ علماء کونسل کے علی محمد شاکر کی نگرانی میں کراچی منتقل کر دی گئیں۔
نوابشاہ: زائرین کی وین کو حادثہ، 6 افراد جاں بحق، 10 زخمی
دوسری جانب سندھ کے شہر نوابشاہ میں شہباز قلندر کے زائرین کی وین خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پنجاب کے شہر بوریوالا سے زائرین بذریعہ ٹرین نواب شاہ پہنچے تھے جہاں سے سہون شریف جانے کے لیے وین پر سوار ہو کر سہون شریف حضرت لال شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث اوورٹیک کرتے ہوئے وین ٹرالر سے ٹکرا گئی۔
پولیس کے مطابق حادثہ قاضی احمد آمری روڈ پر پیش آیا۔جاں بحق چھ افراد میں عظیم علی، ظفر علی، شیخ دلدار جتوئی، بابر علی، لطیف علی، مہراج احمد شامل ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
رانی پور کے قریب حادثہ: 14 افراد جاں بحق
تیسرا حادثہ خیرپور کی تحصیل گمبٹ میں رانی پور کے قریب پیش آیا، جہاں سیہون جانے والی مسافر بس الٹنے سے چودہ افراد جاں بحق اور بائیس زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔