اسلام قبول کرنے والی کینیڈین ولاگر روزی گیبریل کا اگلے سال حج پر جانے کا اعلان

07:33 AM, 15 Jan, 2020

نیا دور
گذشتہ ہفتے دائرہ اسلام میں داخل ہونے والی کینیڈین ولاگرروزی گیبریل نے کہا ہے کہ وہ اگلے ایک سال میں حج یا پھر عمرے کی ادائیگی کے لیے جائیں گی۔

دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ روشناس کروانے والی کینیڈین ولاگرروزی گیبریل نے اسلامی تعلیمات اور پاکستانی کلچر سے متاثر ہو کر گذشتہ ہفتے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا تھا۔ قبول اسلام کے فیصلے پر روزی کو دنیا بھر کے مسلمانوں نے دائرہ اسلام میں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے فیصلے کو سراہا اور ان کی نئی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

روزی گیبریل نے سوشل میڈیا پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کا ردعمل انہیں ملا اس بارے میں انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ زندگی کے نئے راستے کی ابتدا میں اتنی محبت اور تعاون کی فراہمی کے لیے میں آپ سب کی شکرگزار ہوں۔

روزی نے مزید لکھا کہ جیسا کہ میں پہلے کہہ چکی ہوں کہ میں خدا پر یقین اور خدا کے ساتھ تعلق کی وجہ سے پہلے بھی خود کو تکنیکی طور پر مسلمان ہی سمجھتی تھی لیکن یہ میرے لیے بالکل نیا باب ہے۔ روزی نے بتایا کہ میں نے سب کے سامنے قبول اسلام کرنے کا اعلان توجہ حاصل کرنے یا اپنے فالوورز بڑھانے کے لیے نہیں کیا تھا۔ بلکہ، میں نے اپنے آپ کو جوابدہ بنایا اور میں چاہتی تھی کہ ساری دنیا میرے فیصلے کی گواہ بنے اور اب میں ایک بہترین انسان بننے کے لیے بالکل تیار ہوں۔

روزی گیبریل نے کہا دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے فیصلے کے بعد بہت سے لوگوں نے مجھ سے کئی طرح کے سوالات کیے جن کے میں پہلے بھی جواب دے چکی ہوں۔ ان میں سے چند سوالات یہ تھے۔ کیا دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد میں اپنا نام تبدیل کروں گی، تو اس کا جواب ہے نہیں۔ ایک اور سوال تھا کہ کیا میرے گھر والوں نے میرا فیصلہ قبول کر لیا، تو اس کا جواب ہے ہاں۔

روزی نے یہ بھی بتایا کہ بہت سے لوگوں نے ان سے حج اور عمرے سے متعلق سوال کیا جس پر روزی نے کہا اگلے ایک سال کے دوران میں حج یا عمرہ کروں گی۔

کیا میں مکمل حجاب لوں گی؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے روزی نے کہا نہیں کیونکہ یہ لازمی نہیں ہے۔ روزی گیبریل نے کہا کہ دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد وہ کسی فرقے میں شامل نہیں ہو رہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام انسانوں کے لیے مثال بننا چاہتی ہوں اور خلا کو پر کرنا چاہتی ہوں تاکہ لوگ سمجھ سکیں کہ صحیح معنوں میں اسلام کیا ہے، انشااللہ دل نرم ہوجائیں گے اور ذہن کھل جائیں گے۔ آمین۔

مزیدخبریں