ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے ٹیکس نادہندگی کی وجہ سے گلوکارہ آئمہ بیگ کی گاڑی کو قبضے میں لینے کے وارنٹ جاری کئے ہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آئمہ بیگ نے 2018ء، 2019ء، 2020ء اور 2021ء کے ٹیکس کی ابھی تک ادائیگی ہی نہیں کی۔ وہ اس وقت ادارے کی ڈیفالٹر لسٹ میں شامل ہیں۔
آئمہ بیگ کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ چونکہ گلوکارہ ٹیکس نادہندہ ہیں، اس لئے ایف بی آر کو قانونی اختیار ہے کہ وہ ان کی جائیداد یا پراپرٹی کو ضبط کرلے۔
فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کا کہنا ہے کہ آئمہ بیگ کی گاڑی جو انہوں نے 2021ء میں اپنے گوشواروں میں ظاہر کی تھی، اس کو فوری طور پر قبضے میں لینے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ایف بی آر نے گاڑی ضبط کرنے کیلئے ایک افسر کو بھی باقاعدہ تعینات کر دیا ہے۔
دوسری جانب گلوکارہ آئمہ بیگ کی میوزک کنسرٹ کے دوران نازیبا اشارے کرنے والے لڑکے پر برہمی کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
گلوکارہ نے گذشتہ دنوں لاہور میں ایک کنسرٹ کے دوران پرفارمنس کی تھی، جہاں یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔
آئمہ بیگ نے لاہور میں ہونے والے میوزک کنسرٹ کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ایک بار پھر پنجاب کے دارالحکومت نے ان کا دل جیت لیا۔
اسی میوزک کنسرٹ میں گلوکارہ کی پرفارمنس کے دوران ہی ایک لڑکے کی جانب سے نازیبا اشارے کیے جانے پر آئمہ بیگ کے برہم ہونے کی ویڈیو بھی سوشل میڈی پر وائرل ہوگئی۔ وائرل ہونے والی ویڈیوز میں آئمہ بیگ نامناسب اشارے کرنے والے لڑکے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دکھائی دیتی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آئمہ بیگ نے نازیبا اشارے کرنے والے شخص کو ’گندا کیڑا‘ قرار دیتی ہیں، جس پر کنسرٹ میں موجود دوسرے لوگ مذکورہ شخص کے خلاف نعرے بازی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں آئمہ بیگ کو کہتے ہوئے سنا اور دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ بھی لاہوری ہیں، وہ ایسے اشاروں سے ڈرنے والی نہیں ہیں، ساتھ ہی انہوں نے اشارے کرنے والے نامعلوم شخص کو جھاڑ بھی پلائی۔ گلوکارہ کی مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر آئمہ بیگ کا ہش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گیا۔