نیا دور نیوز ڈیسک:۔
ترجمان پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر سخت ردعمل دے دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرارد دینا حقائق کے منافی ہے، بھارتی آرمی چیف کا بیان بھارت کے پٹے ہوئے مؤقف کے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی ناکام مشق ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ”جنرل افسر نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر انتہائی وحشیانہ جبر کی ذاتی طور پر نگرانی کی“ ۔ بھارتی آرمی چیف کے ریمارکس بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں بربریت سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اندرونی طور پر اقلیتوں پر جبر اور بھارت کے بین الاقوامی جبر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ ایسے سیاسی اور غلط بیانات بھارتی فوج کی سیاست زدہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، پاکستان ایسے بے بنیاد بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ کشمیر میں دہشتگرد پاکستانی بارڈر ایریاز سے آتے ہیں۔ جس کے پیشے نظر کشمیری بارڈر پر 15 ہزار سے زائد فوجیوں کی تعیناتی کی گئی ہے۔
دیکھا جائے تو بھارت کی پوری دنیا میں دہشتگرد کارروئیوں سے پردہ بہت پہلے ہی چاک ہو چکا ہے۔ پاکستان میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری نے بھارتی نیٹ ورک جو کہ پاکستان میں چلایا جا رہا تھا اس سے پردہ اٹھایا پھر دنیا کے مختلف ممالک میں سکھوں کی تحریک خالصتان کے رہنماؤں کے قتل سے بھی بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آیا۔
حالیہ دنوں میں بھارت نے اپنی ریاستوں منی پور، ناگا لینڈ اور میزورم میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی لگائی ہے اس اقدام سے بھی بھارتی جارحیت صاف ظاہر ہوتی ہے کیونکہ بھارت نہیں چاہتا کہ دنیا کو اسکے مظالم اور اس کے اندر چلنے والی آزادی کی تحریکوں کا پتہ چلے تا کہ بھارت دنیا کے پلیٹ فارم پر خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہہ کر اپنے باسیوں اور اپنے آپ کو جھوٹی تسلی دے سکے۔