امریکی ڈالر 171 روپے کا ہونے جا رہا ہے

04:38 PM, 15 Jul, 2020

نیا دور
امریکی کریڈٹ ریٹنگ ادارے فچ سلوشنز نے سال 2020 کے دوران پاکستان میں امریکی ڈالر کی اوسطاً قدر 163 روپے اور 2021 میں 171 روپے رہنے کی پیش گوئی کر دی۔

بدھ کو فچ سلوشنز کی جانب سے جاری کردہ پاکستانی کرنسی کی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری 2020 سے اب تک ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مجموعی طور پر 7 اعشاریہ 1 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔

جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستانی روپے کی قدر پر اگرچہ بڑے پیمانے کا دباؤ نہیں ہوگا لیکن ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں بتدریج کمی واقع ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق اس بات کا بھی امکان ہے کہ پالیسی ساز عالمی مارکیٹ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر افراط زر کے دباؤ کو کم رکھنے کے لیے روپے کی قدر کو مزید گرنے دیں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خام تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں اور اس مد میں موخر ادائیگیوں کی سہولت کے علاوہ عالمی شراکت دار جی 20 ممالک کی جانب سے قرضوں کی موخر ادائیگیوں کی سہولت ملنے سے فی الوقت پاکستان کے ذخائر پر بیرونی مالیاتی ادائیگیوں کا دباؤ نظر نہیں آرہا ہے بلکہ مذکورہ عوامل کے سبب پاکستان کے لیے بیرونی معیشت کے حوالے سے درپیش چیلنجز میں کمی واقع ہوئی ہے۔
مزیدخبریں