اسلام آباد میں چور بے لگام، جج کے گھر کا بھی صفایا کردیا

12:58 PM, 15 Jul, 2022

نیا دور
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چور اور لٹیرے بے لگام ہو گئے ہیں۔ ان چوروں سے جج بھی نہ بچ سکے۔ ڈسٹرکٹ سیشن جج طاہر محمود کے گھر بھی چوری کی بڑی واردات ہوگئی۔

سماء نیوز کے مطابق سیشن جج طاہر محمود کے گھر چوری کی واردات میں چور 55 لاکھ روپے پاکستانی، 15 ہزار امریکی ڈالر، 4 ہزار پاؤنڈ اور 19 تولے سونا لے اڑے۔

چوری کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر محمود بڑی عید کی چھٹیاں منانے اپنے آبائی علاقے مانسہرہ گئے ہوئے تھے، پیچھے ان کے گھر میں صفائی کرنے والے ملازمین اور چوکیدار ہی تھے۔

پولیس کو دیئے گئے چوکیدار کے بیان کے مطابق وہ کھانا لینے کے لئے گھر سے باہر گیا ہوا تھا، واپس آیا تو گھر کے دروازے کھلے اور سامان بکھرا ہوا تھا۔ اس نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور گھر کے مالک جج طاہر محمود کو بھی آگاہ کر دیا۔

چوری کے واقعے کا مقدمہ سیشن جج طاہر محمود کے گن مین کی درخواست پر اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج کر لیا گیا ہے۔
مزیدخبریں