سابق مسیحی وزیر شہباز بھٹی کی خدمات کا صلہ، کینیڈا میں ان کے نام پر پارک کا قیام، افتتاح 24 جولائی کو ہوگا

02:27 PM, 15 Jul, 2022

نیا دور
کینیڈا کے شہر بریمپٹن میں سابق پاکستانی وزیر شہباز بھٹی کی خدمات کے صلے میں ان کے نام سے ایک پارک کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس کا افتتاح 24 جولائی کو کیا جائے گا۔

بریمپٹن کے مئیر پیٹرک برائون نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اپنے تمام پاکستانی دوستوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ 24 جولائی کو شہباز بھٹی پارک کا افتتاح ہونے جا رہا ہے۔

میئر پیٹرک برائون  نے شہباز بھٹی کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مذہبی آزادی کیلئے اپنی جان کا نذرانہ دیدیا تھا۔ ان کا نام ناصرف پاکستان بلکہ یہاں کینیڈا میں بھی اس پارک کی صورت میں ہمیشہ قائم اور زندہ رہے گا۔



انہوں نے اس موقع پر میئر آفس کے ایگزیکٹو اسسٹنٹ یشوا یونس کی خدمات کی بھی تعریف کی جنہوں نے شہباز بھٹی پارک کے قیام کیلئے بہت کاوشیں کیں۔ میئر پیٹرک برائون کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کینیڈا میں بسنے والی پاکستانی کرسچن کمیونٹی اس ملک سے بہت لگائو اور پیار کرتی ہے۔

اس موقع پر یشوا یونس نے کینیڈا میں مقیم تمام پاکستانی مسیحیوں سمیت دیگر کو اس تاریخی ایونٹ میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم شہباز بھٹی کے نام پر پارک کے قیام کیلئے گذشتہ 4 سالوں سے انتھک کوششیں کر رہے تھے۔

یشوا یونس کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر شہباز بھٹی کیلئے منعقدہ اس تقریب کو بھرپور طریقے سے منایا جائے۔
مزیدخبریں