پولیس نے واقعے کی اطلاع پر جائے وقوع کا جائزہ لینے کے بعد ہی بتایا تھا کہ اداکار نے خودکشی کی ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔
سشانت سنگھ راجپوت نے ممبئی کے پرتعیش علاقے ویسٹ باندرا میں اپنے فلیٹ میں دوستوں اور ملازمین کی موجودگی میں اپنے کمرے کا دروازہ بند کر کے خودکشی کی تھی۔
ان کے ساتھ فلیٹ میں موجود افراد نے بتایا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کی صبح 10 بجے اٹھے اور جوس پینے کے بعد واپس اپنے کمرے میں چلے گئے اور دروازہ اندر سے بند کرلیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب 12 بجے تک اداکار باہر نہیں آئے تو انہوں نے ان کا دروازہ بجایا مگر دروازہ نہ کھولنے پر انہوں نے پولیس کو بلالیا اور ساڑھے 12 سے 12 بج کر 45 منٹ کے درمیان انہوں نے دروازہ توڑا تو اداکار کو پھندے میں لٹکا ہوا پایا۔
سُشانت سنگھ راجپوت نے بے حد محنت اور لگن سے بولی وڈ میں اپنا نام بنایا اور انہوں نے پی کے، ایم ایس دھونی، کیدارناتھ اور چھچھورے جیسی فلموں میں کردار ادا کر کے لوگوں کے دلوں میں گھر کر لیا تھا۔
سوشل میڈیا پر سشانت سنگھ کی جانب سے ہاتھ سے لکھی 50 خواہشات کی فہرست شیئر کی گئی تھی، جو ان کی خود کشی کے بعد وائرل ہو رہی ہے۔
ششانت سنگھ نے گذشتہ سال ستمبر میں اپنی 50 خواہشات کی فہرست مداحوں سے شیئر کی تھی جنہیں وہ پورا کرنے کی خواہش رکھتے تھے۔