نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں 49 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ دہشت گردی کا یہ واقعہ اس وقت ہوا ہے جب بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ پر آئی ہوئی ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق مسلح افراد نے فائرنگ نماز جمہ کے دوران کی۔ نیوزی لینڈ پولیس نے حملہ آور برینٹن ٹیرنٹ کو حراست میں لے لیا ہے جو فوجی وردی میں ملبوس تھا۔
پولیس نے شہریوں کو مساجد سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے جب کہ شہر کی دیگر مساجد کے علاوہ گرجا گھر اور سکول بند کر دیے گئے ہیں جب کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک شخص خودکار رائفل کے ساتھ مسجد میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
دوسری جانب بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے کہا ہے کہ ہم اس وقت مسجد میں موجود تھے جب فائرنگ ہوئی اور ہم نے بھاگ کر اپنی جانب بچائی تاہم ہمارے ساتھی محفوظ ہیں۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈرن نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے سیاہ دن قرار دیا ہے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ ایک حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے لیکن اس واقعہ میں ایک سے زیادہ لوگ ملوث ہو سکتے ہیں۔
ادھر، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان کل ہونے والا ٹیسٹ میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔