کراچی کے سینئر صحافی کا صاحبزادہ لاپتہ

11:01 AM, 15 May, 2019

نیا دور
کراچی: سینئر صحافی شفقت سومرو کے جواں سال صاحب زادے مبینہ طور پر لاپتہ ہو گئے ہیں۔

پولیس نے صحافی کے بیٹے کے لاپتہ ہونے کی ایف آئی آر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 365 کے تحت درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

شفقت سومرو پاکستان کی ایک مقامی نیوز ایجنسی کے مدیر ہیں۔ ان کا 25 سالہ صاحبزادہ گزشتہ چھ روز سے لاپتہ ہے لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ان کی بازیابی ایک معمہ بن چکی ہے۔

مغوی کے باپ اور سینئر صحافی کا کہنا تھا، ان کا صاحبزادہ قائد عوام یونیورسٹی میں مکینیکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہا تھا اور ایک مقامی کمپنی سے بھی منسلک تھا۔

انہوں نے الزام عائد کیا، 10 مئی کو ان کا بیٹا اس وقت لاپتہ ہوا جب وہ کام پر جا رہا تھا۔ وہ نہ تو دفتر پہنچا اور نہ ہی گھر واپس لوٹا۔

شفقت سومرو نے دعویٰ کیا، ان کے صاحبزادے کا فون بند ہے، پولیس و قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے بشمول سی پی ایل سی ان کے بیٹے کی جی پی ایس معلومات فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے کہا، چھ روز گزر جانے کے باوجود ان کا بیٹا لاپتہ ہے اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ہم جس کرب سے گزر رہے ہیں، اسے لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ پولیس نے صحافی کے صاحب زادے کے اغوا کے پانچ روز بعد اس کی ایف آئی آر درج کی جب کہ تفتیش میں بھی کسی قسم کی پیشرفت نہیں ہوئی۔

 
مزیدخبریں