ترک فٹبالر نے اپنے 5 سالہ بچے کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیا

03:25 PM, 15 May, 2020

نیا دور
کرونا وائرس کی جان لیوا وبا نے پوری طرح سے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، ان حالات میں بھی ترکی سے دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی ہے۔ ترک فٹبال کھلاڑی نے اپنے پانچ سالہ بیٹے کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا، قاتل نے لوگوں کو بتایا تھا کہ بچہ کرونا وائرس میں مبتلا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے ایک فٹبال کھلاڑی کیوہر ٹوکٹاس نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اس نے اپنے بیٹے کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیا ہے، فٹبالر نے کہا کہ اس نے اپنے بچے کو 23 اپریل کو ہی مار دیا تھا جو دن ترکی میں بچوں کیلئے منایا جاتا ہے۔

کیوہر نے کہا کہ بیٹے کا گلا گھونٹنے کے بعد اس نے مدد کیلئے قریبی لوگوں کو بلایا اور کہا کہ بچہ کرونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے جس پر بچے کو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا جہاں اس کی دو گھنٹے کے اندر ہی موت واقع ہو گئی۔

ملزم کیوہر ٹوکٹاس نے اس واقعہ کے گیارہ دن بعد خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

فٹبالر نے کہا کہ اس نے بچہ کو اس لئے مار دیا کیونکہ وہ اس سے پیار نہیں کرتا تھا، وہ پولیس کے پاس گیا، کیونکہ یہ گھناؤنی حرکت کرنے کے بعد اس کو گھٹن محسوس ہورہی تھی، اور اس کا ضمیر اسے ملامت کر رہا تھا۔

یاد رہے کہ کیوہرٹوکٹاس فی الحال ایمچیور لیگ کی ٹیم بورسا ییلدیریمسپور کی جانب سے کھیلتے ہیں، اس سے پہلے سال 2008-2009 کے درمیان وہ ہاسیٹیپپو کی جانب سے کھیلے تھے جو ترکی کی سب سے بڑی لیگ کا بڑا کلب ہے۔
مزیدخبریں