’’کیا وزیر اعظم پبلک ٹرانسپورٹ کھلوا کر ملک کو ووہان یا اٹلی بنانا چاہتے ہیں؟‘‘

06:29 PM, 15 May, 2020

نیا دور
حکومت سندھ نے وزیراعظم عمران خان کی درخواست کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے انکار کر دیا ہے۔

اپنے بیان میں سندھ کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ اویس شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے حکم کا احترام کرتے ہیں مگر پبلک ٹرانسپورٹ نہیں کھول سکتے، روزانہ کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایسے میں ٹرانسپورٹ نہیں کھل سکتی۔

اویس شاہ کا کہنا تھا کہ کیا وزیراعظم پبلک ٹرانسپورٹ کھلوا کر ملک کو ووہان یا اٹلی بنانا چاہتے ہیں؟ خدشہ ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے ملک اٹلی نہ بن جائے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی پر لوگ حفاظتی تدابیر پر عمل نہیں کر رہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا تھا کہ سارے فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں اور ٹرانسپورٹ پر پوری طرح فیصلہ نہیں ہوسکا کہ کھولیں یا نہیں کیونکہ ایک دو صوبوں کو اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھول دیں، امریکہ اور یورپ میں ہلاکتوں کے باوجود ٹرانسپورٹ اور ائیرٹریفک بند نہیں کی تو ہم نے کیوں کی ہوئی ہے؟

وزیراعظم کی میڈیا بریفنگ کے بعد پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومت نے پیر سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ طے کردہ ضابطہ کار کے تحت کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔
مزیدخبریں