عمران خان نے سعودی ولی عہد سے ملنے والی گھڑی کس کو بیچی؟ خریدار سامنے آگیا

05:11 PM, 15 Nov, 2022

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے توشہ خانہ میں ملنے والی گھڑی خریدنے والا شخص سامنے آگیا۔ خریدار کا کہنا تھا کہ فرح گوگی سے گھڑی 2 ملین ڈالر میں خریدی۔

سابق وزیراعظم عمران خان سے تحفے میں ملی گھڑی خریدنے والا شخص دبئی میں مقیم بزنس مین ہے اور حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام 'آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ' میں اس بات کا انکشاف ہوا جب بزنس مین عمر فاروق ظہور نے  'گراف' کی بیش قیمتی گھڑی دکھاتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے یہ گھڑی کس سے اور کتنے میں خریدی؟

بزنس مین عمر فاروق کا کہنا تھا کہ یہ گھڑی سیٹ کا خصوصی ایڈیشن ہے جو سعودی شاہی خاندان کے لئے بنائی گئی تھی۔ گراف کمپنی نے یہ ایک ہی گھڑی بنائی گئی تھی جس کے ڈائل میں خان کعبہ بنا ہوا ہے۔ جب سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان کے دوران اس وقت کے وزیراعظم کو تحفے میں دی۔

عمر فاروق نے بتایا کہ سابق معاون خصوصی شہزاد اکبر کی جانب سے مجھ سے رابطہ کیا گیا اور پیشکش کی کہ خصوصی ایڈیشن کی بیش قیمتی گھڑی ہے اگر آپ خریدنا چاہتے ہیں تو میں آپ کی فرح صاحبہ سے بات کروا دیتا ہوں۔  بتایا یہ گیا کہ پیسوں کی ضرورت ہے اور رقم کیش میں مانگی گئی۔

اینکر کی جانب سے سوال کیا گیا کہ 'فرح' سے مراد کونسی فرح جس پر عمر فاروق نے تصدیق کی کہ فرح گوگی جو کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست ہیں ان کی جانب سے گھڑی کی ڈیل کی گئی۔  گھڑی کی قیمت پر بارگین کرنے کے بعد مجھے گھڑی 2 ملین ڈالرز کے عوض دی گئی۔ چونکہ کیش رقم کا مطالبہ کیا گیا تھا اسی لئے میں نے اپنے بنک اکاونٹ میں سے تقریبا ساڑھے سات ملین درہم نکلوا کر انہیں دیئے۔

اس بیان کے سامنے آنے سے تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی رسیدوں میں بتائی گئی رقم میں تضاد آ گیا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس کے سلسلے میں سات ستمبر کو الیکشن کمیشن میں اپنے تحریری جواب میں کہا تھا کہ ’یکم اگست 2018 سے 31 دسمبر 2021 کے دوران وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کو 58 تحائف دیے گئے۔‘

’یہ تحائف زیادہ تر گُلدان، میز پوش، آرائشی سامان، چھوٹے قالین، بٹوے، پرفیوم، تسبیح، خطاطی، فریم، پیپر ویٹ اور پین ہولڈرز جیسی اشیا پر مشتمل تھے جبکہ ان میں گھڑی، قلم، کفلنکز، انگوٹھی، بریسلیٹ / لاکٹس بھی شامل تھے۔‘
مزیدخبریں