آئی ایم ایف کی پاکستان کو ٹیکس بڑھانے کی تجویز

کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستانی حکام انتہائی مشکل حالات میں پروگرام پر عمل کررہے ہیں تاہم پاکستان کے ساتھ ڈیل کے بہت قریب ہیں۔

03:54 PM, 15 Nov, 2023

نیا دور

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کی ایم ڈی  کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ   پاکستان کےساتھ ڈیل کے بہت قریب ہیں تاہم ٹیکس بڑھانے کی تجویز بھی دی ہے۔

امریکی جریدے  بلوم برگ کو دیے گئے انٹرویو میں کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستانی حکام انتہائی مشکل حالات میں پروگرام پر عمل کررہے ہیں تاہم پاکستان کے ساتھ ڈیل کے بہت قریب ہیں۔ پاکستان کا اہم مسئلہ ٹیکس کا ہے۔ ملک میں  جی ڈی پی کا صرف 12 فیصد ٹیکس اکٹھا کیا جاتا ہے جسے ہم نے  15 فیصد تک بڑھانے  کی تجویز پیش کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات جاری ہیں۔ آئی ایم ایف پاکستان کیلئے 9 ہزار 415 ارب کا سالانہ ٹیکس ہدف برقرار رکھنے پر رضامند ہوگیا ہے جس کے بعد منی بجٹ نہیں آئے گا۔ پاکستان اور آئی ایم ایف نے پالیسی مذاکرات مکمل ہونے کےبعد شرح سود مزید نہ بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

دوسری جانب آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ سے منظوری کے بعد پاکستان کو 71 کروڑ ڈالرز کی قسط دسمبر میں ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع  کا کہنا ہے پاکستان کی معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف جائزہ مشن کے درمیان 71 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کیلئے پالیسی سطح کے مذاکرات کا حتمی راؤنڈ جاری ہے اور آج شام مذاکرات مکمل ہونے کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ یو اے ای کے سفیر نے بھی آئی ایم ایف کو پاکستان کے بیرونی فنانسنگ گیپ پر یقین دہانی کرادی  ہے۔

مزیدخبریں