آل پاکستان انجمن تاجران کا حکومت مخالف تحریکوں کی حمایت کا اعلان

11:12 AM, 15 Oct, 2020

نیا دور
آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسیاں عوام دشمن اور تاجر دشمن ہیں۔ حکومت کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے جو مہنگائی پرقابو پانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ حکومت نے خود مافیاز کو سرپرستی فراہم کی ہے اسی لئے مہنگائی میں ہوشرباء اضافہ ہوا۔

نعیم میر کا کہنا تھا کہ انہوں نے حکومتی کارکردگی سے مایوس ہوکر اپوزیشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔کیونکہ موجودہ حکومت نے معشیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے جس کی وجہ سے چھوٹے اور بڑے تمام تاجر شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت معاشی معاملات کو چلانے میں نا اہل ثابت ہو چکی ہے ۔ خود وزیر اعظم کو معلوم نہیں ہوتا کہ ملک میں کیا چل رہا ہے۔ لہذاٰ وہ سمجھتے ہیں کہ حکومت کو ہٹانے کی ہر تحریک میں شامل ہونا پاکستان اور غریب عوام کی خدمت کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مہنگائی روکنے کیلئے ٹائیگر فورس کا استعمال غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا انکا کہنا تھا کہ اس عمل سے ریاستی سرپرستی کے تحت بد معاشی کے کلچر کو فروغ ملے گا اور تاجران کو بلیک میل کیا جائیگا۔
مزیدخبریں