پی ڈی ایم جناح اسٹیڈیم بھر کر دکھائے شبلی فراز کا چیلنج، لیگی رہنماؤں نے چیلنج قبول کر لیا

12:16 PM, 15 Oct, 2020

نیا دور
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن کو جلسے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے تاہم وہ چیلنچ کرتے ہیں کہ پی ڈی ایم جلسہ کیلئے مختص کی گئی جگہ جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ کو بھر کر دکھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت میں احتجاج سب کا حق ہے مگر یہ وہ ٹولہ ہے جس نے ملک کی دولت لوٹی اور اب اپنی دولت بچانے کیلئے اکٹھے ہوگئے ہیں۔

ادھر لیگی رہنماؤں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے شبلی فراز کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ جناح اسٹیڈیم بھر لیں تو کیا شبلی فراز اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہیں؟ لیگی رہنماء پرویز رشید کا کہنا ہے کہ اگر شبلی فراز کو لگا کہ جلسہ گاہ بھر گیا ہے تو وہ کتنی دیر میں اپنا استعفٰی پیش کریں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جلسے کی اجازت کوئی احسان نہیں ہے تاہم جی ٹی روڈ بند کرنے کی دھمکی پر حکومت نے اجازت دینے کا فیصلہ کیا ۔ ادھر جلسے کی انتظامیہ اور گوجرانوالہ انتظامیہ میں جلسہ کرنے کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت جلسے کے شرکاء کرونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھیں گے اور ماسک اور سینیٹائزر کے بغیر کسی کو جلسہ گاہ میں داخل ہونے کی اجازت نہ ہوگی۔ معاہدے کی شق نمبر23 اور 26 کے تحت ریاست مخالف یا فوج مخالف تقریر کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔ جلسے کا وقت شام 5 سے رات 12 بجے متعین کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ہیومن رائیٹس کمیشن آف پاکستان نے پاکستان میں آزادی اظہار کو یقینی بنانے کیلئے جلسے کی مانیٹرنگ کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
مزیدخبریں