تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی جس کے بعد بجلی کی قیمت میں ایک روپے 68 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت توانائی کی جانب سے بھجوائی گئی تھی۔
دوسری جانب کل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیج دی ہے۔ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز کی گئی تھی۔
ایک سرکاری عہدیدار نےنجی اخبار کو بتایا کہ ٹیکس کی موجودہ شرح، درآمدی قیمت اور روپے کی قدر میں کمی کی بنیاد پر اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے 5 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا ہے۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں 3 سے 5 روپے اضافے کا امکان ہے۔
عہدیدار نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ ایکسچینج ریٹ کا نقصان اور تیل کی بین الاقوامی قیمتوں کے معمولی اثرات ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت چھٹے جائزے کی کامیابی سے تکمیل اور تقریباً ایک ارب ڈالر کے حصول کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے ٹیکس کی شرح میں تھوڑا سا اضافہ کرکے صارفین کے لیے قیمتوں میں زیادہ اضافہ کرسکتی ہے۔
حکام نے بتایا کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے ذریعے ماہانہ اوسطاً 50 ارب روپے کے حساب سے 610 ارب روپے کی آمدنی اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا لیکن ابتدائی ساڑھے تین ماہ میں اس کی مجموعی وصولی 40 ارب روپے تک نہیں پہنچ سکی۔
اس میں کمی کی وجہ سے آئی ایم ایف حکومت سے مطالبہ کر رہا تھا کہ ایف بی آر ٹیکس کے ذریعے آمدنی میں اضافہ کرے تاکہ پرائمری بیلنس کو وعدے کی حدود کے اندر رکھا جائے۔
قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کا اعلان وزیراعظم اور وزیر خزانہ سے مشاورت کے بعد وزارت خزانہ کرے گی۔
خیال رہے کہ اس وقت پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت 127 روپے 30 پیسے ہے جو زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشا اور موٹر سائیکلوں میں استعمال ہوتا ہے اور اس کا متوسط اور کم آمدن والے طبقے پر براہِ راست اثر پڑتا ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمت 122.04 روپے ہے کو بھاری ٹرانسپورٹ، ٹرینوں اور زرعی مشینوں مثلاً ٹرکوں، بسوں، ٹریکٹرز، ٹیوب ویلز اور تھریشرز میں استعمال ہوتا ہے۔
دوسری جانب لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی ایکس ڈپو فی لیٹر قیمت 99.51 روپے ہے اس کے بعد مٹی کا تیل 99.31 روپے فی لیٹر ہے۔