یہ بات آپ کو با آسانی سمجھ آ جائے گی اگر میں آپ کو فلم شعلے کی مثال دوں۔ کیا کوئی امجد خان سے بڑھ کر گبر سنگھ کے مکالمے بول سکے گا؟ یا کلبھوشن کھربنڈا سے بہتر شاکال بن کر دکھا سکے گا؟ یا محبوب عالم سے اچھا چودھری حشمت اپنے آپ کو ثابت کر سکے گا۔
میں نے بہت ذہن لڑایا یہ سمجھنے کے لیے کہ اس فلم کا نام مولا جٹ پر کیوں ہے۔ اصلی مولا جٹ کے بعد کئی اقسام کی مولا جٹ فلمیں بنیں۔ مولا جٹ تے نوری نت، مولا جٹ ان لندن، مولا جٹ ان ٹربل، بشیرا تے مولا جٹ، جٹ دا کھڑاک، وغیرہ وغیرہ۔ سب کی سب فیل ہو گئیں۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ تو ان فیل فلموں سے بھی گئی گزری نکلی۔ اس میں مولا کہاں فٹ ہوتا ہے؟ گنڈاسہ کہاں فٹ ہوتا ہے؟ میری سمجھ میں تو آیا نہیں۔
اصلی مولا جٹ دیکھیے۔ یقین مانیے آپ کو یہ مولا جٹ چوں چوں کا مربہ لگے گی۔ 40 برس سے زیادہ وقت ہو چلا اصلی مولا جٹ کو ریلیز ہوئے ہوئے۔ میں آج بھی مولا جٹ دیکھتا ہوں اور کبھی بوریت نہیں ہوتی۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ ٹائپ پھکڑ پن سے بہتر ہے کہ اپنے ماحول سے جڑے ان گنت مسائل پر فلمیں بنائی جائیں۔