ایشیا کپ: سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

بارش کی وجہ سے میچ میں تاخیر کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 45،45 اوورز تک محدود کیا گیا بعدازاں میچ کے دوران 28 ویں اوور میں دوبارہ بارش کے باعث مزید 3 اوورز کم کرکے میچ کو 42،42 اوورز کا کر دیا گیا۔

12:19 PM, 15 Sep, 2023

نیا دور

سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ 2023 کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ فائنل میں سری لنکا کا مقابلہ اتوار کو بھارت سے ہوگا۔

ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے جیت کیلئے 253 رنز کا ہدف دیا جسے سری لنکا نے آخری بال پر حاصل کر لیا۔ سری لنکا کی جانب سے کسل مینڈس 91، سدیرا سماراوکراما 48 جبکہ چیرتھ اسالنکا 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے 3، شاہین آفریدی نے 2 جبکہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔  ون ڈے میں ڈیبیو کرنے والے زمان خان، محمد وسیم جونیئر اور محمد نواز کوئی وکٹ حاصل نہ کر پائے۔

اس سے قبل کولمبو میں شیڈول پاک سری لنکا میچ سے قبل بارش کے باعث ٹاس تاخیر سے ہوا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بارش کی وجہ سے میچ میں تاخیر کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 45،45 اوورز تک محدود کیا گیا بعدازاں میچ کے دوران 28 ویں اوور میں دوبارہ بارش کے باعث مزید 3 اوورز کم کرکے میچ کو 42،42 اوورز کا کر دیا گیا۔

پاکستان نے سری لنکا کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 42 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ عبداللہ شفیق نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی نصف سنچری بنائی۔

پاکستان کی جانب سے محتاط آغاز کے باوجود پہلی وکٹ 9 رنز پر گرگئی۔ فخر زمان 11 گیندوں پر 4 رنز بنا کر بولڈ ہوئے جبکہ دوسری وکٹ کپتان بابر اعظم کی گری جو 35 گیندوں پر 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بلے باز عبداللہ شفیق 52 جبکہ محمد حارث 9 گیندوں پر 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ، محمد نواز 12 گیندوں پر 12 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔افتخار احمد 47 اور شاداب خان 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کی جانب سے متھیشا پتھیرانا نے 3، پرمود مدھوسن نے 2، مہیش تھیکشانا اور دونتھ ولاگے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مزیدخبریں