شادی کے بعد گوری سے کہا تھا کہ برقع پہنو اور نماز پڑھنی شروع کرو، شاہ رخ خان

12:16 PM, 16 Apr, 2020

نیا دور
عالمی وبا کرونا وائرس اس وقت پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے، عام لوگوں کی طرح سلیبریٹیز بھی ان دنوں گھر میں قید ہیں۔ اسی درمیان بالی وڈ سلیبریٹیز سے وابستہ کئی کہانیاں سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہیں۔ انہیں میں سے ایک قصہ بالی وڈ کے کنگ خان یعنی شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان سے جڑا ہوا بھی ہے۔

انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان اور گوری کی شادی کو 28 برس بیت چکے ہیں، دونوں کو بالی وڈ کی آئیڈیل جوڑی مانا جاتا ہے۔ شاہ رخ خان، گوری کو اس وقت دل دے بیٹھے تھے جب انہوں نے اپنے کیریئر کی شروعات بھی نہیں کی تھی۔ دونوں کی شادی میں دونوں کا الگ الگ مذہب سے ہونا ایک بڑی رکاوٹ تھی۔ گوری کے خاندان کے سامنے شاہ رخ پانچ سال تک ہندو بنے رہے مگر سچ سامنے آ ہی گیا۔ کافی مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد آخر کار گوری کے گھر والے رشتے کیلئے رضامند ہو گئے۔

آپ کو یہ جان کر بھی حیرت ہو گی کہ بالی وڈ کے اس جوڑے کو ایک نہیں بلکہ تین مرتبہ شادی کرنا پڑی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اور گوری نے پہلے کورٹ میرج کی، اس کے بعد 26 اگست 1991 کو دونوں کا نکاح ہوا، اس کے بعد 25 اکتوبر 1991 کو دونوں کی ہندو رسم ورواج کے مطابق شادی ہوئی۔

ایک انٹرویو میں شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ جب ہماری شادی ہوئی تو گوری کے کئی رشتے دار خوش نہیں تھے۔ انہوں نے بتایا کہ میں جیسے ہی وہاں پہنچا سب باتیں کر رہے تھے کہ مسلم لڑکا، کیا لڑکی کا نام بھی بدلے گا، کیا وہ مسلمان بن جائے گی۔

شاہ رخ نے بتایا کہ اس وقت میں نے مذاق میں گوری کو نماز پڑھنے کے لئے کہا اور یہ بھی کہا کہ گوری کو برقع پہننا ہوگا۔ میرے اتنا کہتے ہی گوری کے سبھی رشتے دار خاموش ہو گئے۔

شاہ رخ خان نے بتایا کہ گوری کے رشتہ دار پنجابی میں بات کر رہے تھے اور میں نے اس وقت گوری سے کہا کہ چلو گوری برقع پہنو اور نماز پڑھنی شروع کرو، سبھی کو لگ رہا تھا کہ شاہ رخ نے گوری کا مذہب ہی تبدیل کروا دیا ہے۔
مزیدخبریں