ختم نبوت اور ناموس رسالت کے لیئے ملک کو قربان نہیں کیا جا سکتا: وزیر داخلہ شیخ رشید

04:01 PM, 16 Apr, 2021

نیا دور
مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں  شیخ رشید  روزانہ ہی ٹی وی سکرینز پر بیٹھے یہ کہتے سنائی دیتے تھے کہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے معاملے کو کبھی دبنے نہیں دیا جائےگا اور اس حکومت کو لگا پتہ دیا جائے گا۔ روزانہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے  خلاف  اس حساس مسئلے پر نعرے بازی کرتے بھی نظر آتے تھے اور انہیں احمدی نواز قرار دیا کرتے۔ حتیٰ کہ شیخ رشید نے 2018 کے الیکشن میں اپنی مہم کے دوران اس بات کا کامل اہتمام کیا کہ انکے پوسٹرز اور بینرز کے ساتھ جلی حروف میں مجاہد ختم نبوت ﷺ درج ہو۔

تاہم اب جبکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں  یہ تیسری بار ہے کہ تحریک لبیک نے احتجاج کے نام پر ملک کو نرغے میں لے رکھا ہے اور  بربریت اور لا قانونیت کی نئی مثالیں قائم ہوئی ہیں مگر ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ شیخ رشید قانون نافذ کرنے کے ذمہ دار ہیں اور  تحریک لبیک نے ناموس رسالت کے مدعے پر ہی ملک کا قانون تار تار کیا ہے۔

ایسے میں خود کہ مجاہد ختم نبوت کہلانے والے  شیخ رشید نے اپنی سوچ واضح کی ہے کہ  ناموس رسالت کے لیئے ملک کو قربان نہیں کیا جا سکتا۔  ملک کے معروف اینکر شاہزیب خانزادہ کے پروگرام میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناموس رسالت ﷺ کا معاملہ بہت اہم ہے۔ اس پر ایک نہیں سو وزارتیں قربان ہو سکتیں ہیں لیکن اس کے لیئے ملک کو قربان نہیں کیا جاسکتا۔

 

یاد رہے کہ تحریک لبیک کےامیر سعد رضوی کی گگرفتاری کے بعد جماعت کے کارکنوں نے ملک کے بڑے چھوٹے مقامات اور شاہراہیں بند کر دی تھیں جبکہ پولیس اور دیگر راہگیروں پر بد ترین تشدد کیا گیا تھا۔

اب تک کی پیش رفت کے مطابق تحریک لبیک کو کالعدم جماعت قرار دے دیا گیا ہے۔ انکے اثاثے منجمند کیئے جا رہے ہیں اور انکے کارکنان کے خلاف کارروائیاں جا رہی ہیں۔ جبکہ آج پاکستان میں تین گھنٹے کے لیئے سوشل میڈیا بھی بند رکھا گیا تھا۔
مزیدخبریں